لاہور،26 جون ( اے پی پی ): پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کی آسانی کیلئے پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کا احسن اقدام، تمام سرکاری ہسپتالوں میں خدمت گار ڈیسکس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
نگران صوبائی وزیر محکمہ صحت و سوشل ویلفیئر ڈاکٹر جاوید اکرم کی زیر صدارت اس حوالہ سے ڈی جی ویلفیئر آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔نگران صوبائی وزیر داخلہ جاوید اکرم نے اجلاس کے دوران سرکاری ہسپتالوں میں خدمت گار ڈیسکس کے قیام کے حوالہ سے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔متعلقہ افسران نے نگران صوبائی وزیر ڈاکٹر جاوید اکرم کو بریفنگ دی۔
نگران صوبائی وزیر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کو عام آدمی کی آسانی کیلئے مکمل سودمند بنائیں گے،خدمت گار ڈیسکس کے قیام کے ذریعے سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو علاج میں سہولت حاصل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ خدمت گار ڈیسکس کی کامیابی کیلئے پی آئی ٹی بی کے ذریعے آن لائن ایپلی کیشن بھی ڈیزائن کروا رہے ہیں، پنجاب میں سب سے پہلے اس منصوبے کا آغاز مئیو ہسپتال سے کررہے ہیں۔
سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان نے اس موقع پر کہا کہ ہیلتھ کونسلز کو مکمل فعال کرنے کے حق میں ہیں۔خدمت گار ڈیسکس کے ذریعے عوام کو سہولت دینا چاہتے ہیں۔
اجلاس میں سیکرٹری سوشل ویلفیئر ظہور حسین، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق اور محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کے افسران نے شرکت کی۔











