اسلام آباد،9جون(اے پی پی):حکومت نے نئے مالی سال 24 ۔ 2023 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی ) کے تحت وزارت خزانہ کے مختلف جاری اورنئے منصوبوں کیلئے مجموعی طورپر3220 ملین روپے کے فنڈز مختص کرنے کی تجویز دی ہے۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق وزارت خزانہ کے پہلے سے جاری 8منصوبوں کیلئے 1970 ملین روپے، جس میں غیرملکی معاونت کے 258 ملین روپے شامل ہیں اوردونئے منصوبوں کیلئے 1250 ملین روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، پہلے سے جاری منصوبوں میں فیڈرل آڈٹ کمپلیکس جی ایٹ ون اسلام آباد کی تعمیر کے پی سی ون کیلئے 194.049 ملین روپے، اسلام آبادکے جی ٹین ون میں مسابقتی کمیشن کے دفترکی تعمیرکیلئے 23.26 ملین روپے، عالمی بینک کے تعاون سے مالیاتی شمولیت انفرا سٹرکچر پراجیکٹ کیلئے 258 ملین روپے۔
دستاویزات کے مطابق آڈٹ منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے نفاذکے منصوبہ کیلئے 249.15 ملین روپے، وفاقی حکومت کے پی ایف ایم پالیسی فریم ورک کیلئے 50 ملین روپے، پاکستان منٹ کے اپ گریڈیشن منصوبہ کیلئے 887.54 ملین روپے، نیشنل سونگز کمپلیکس پی سی ٹو کیلئے 8 ملین روپے اورپاکستان آڈٹ اینڈاکاونٹس اکیڈیمی اسلام آباد پی سی ون کیلئے 300 ملین روپے کے فنڈز مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق وزارت خزانہ کے دونئے منصوبوں کیلئے 1250 ملین روپے کے فنڈز مختص کرنے کی تجویز ہے، لاہورمیں آڈٹ ہائوس کی تعمیرکیلئے 250 ملین روپے اوروفاقی وصوبائی سطح پر آن لائن بلنگ کے نظام کیلئے 1000 ملین روپے مختص کرنے کی تجاویز دی گئی ہے۔