پی ٹی آئی کے چار سالوں میں معیشت کا بیڑہ غرق ہوا ، مرتضیٰ جاوید عباسی

16

گلیات،09 جون(اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور  مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ  پی ٹی آئی کے چار سالوں میں معیشت کا بیڑہ غرق ہوا ،  پی ٹی آئی والے کہہ رہے تھے ملک ڈیفالٹ ہو گا ، سری لنکا جیسا حال ہو گا لیکن انکی خواہش پوری نہیں ہوئی، تحریک انصاف کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک ڈیفالٹ کے دہانے تک پہنچ گیا تھا ۔

ان خیالات کا اظہاروفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور  مرتضیٰ جاوید عباسی نے گلیات یو سی پلک میں 1کروڑ 90 لاکھ روپے کی لاگت سے رابطہ شاہراہ دروازہ پنیالی تا اندر کوٹ روڈ م، پی سی سی بسوٹہ تا دیوان نیرگول روڈ کے افتتاح کے موقع پر کیا ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ نو ماہ کے اندر شبانہ روز محنت کر کے معیشت کی سمت درست کی گئی ، اشیائے خوردونوش اور پیٹرول و ڈیزل کی قیمتیں کم ہوئیں ، مہنگائی کو کم کرنے کیلئے آئی ایم ایف سے جان چھڑانے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قیادت پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے ، قائد نواز شریف اور اسکی بیٹی کو قیدو بند کی صعوبتیں برداشت کرنا پڑیں ،نہ نظریے سے پیچھے ہٹے اور موقف بدلا ، آج یہ لوگ چوبیس گھنٹے جیل میں نہیں گزار سکتے ۔

مرتضی جاوید عباسی نے کہا کہ یوسی پلک سے دِل کا رشتہ ہے ، خواہش ہے یہ یوسی بھی میرے حلقے میں لگ جائے ، میں جس بھی حلقے میں ہوا ، خدا کی قسم اٹھا کراعلان کرتا ہوں کہ یوسی پلک اور سرکل بکوٹ کو کبھی فرق محسوس نہیں ہونے دونگا۔

انہوں نے کہا کہ آج رابطہ سڑکوں کا افتتاح ہوا ، یوسی پلک میں پانی کے مسائل اور بجلی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے ، ریالہ ترمٹھیاں روڈ سمیت دیگر اہم شاہراہوں کے لیے بھی فنڈز لائیں گے اور عوامی مطالبات پورے ہونگے ۔

افتتاحی تقریب میں  سابق ایم پی اے ن لیگ سردار فرید خان، راجہ ممتاز عباسی ، اشفاق عباسی  ودیگر مقامی قائدین کی کثیر تعداد اور کارکنان نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی ۔