لاہور۔ 02 جون ( اے پی پی ): نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کی زیر صدارت یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان، سپیشل سیکرٹری سید واجدعلی شاہ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، ایم ڈی چلڈرن ہسپتال ڈاکٹر ٹیپو، پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ میڈیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل، جناح ہسپتال سے ڈاکٹر شبیر، مئیو ہسپتال سے ڈاکٹر سلمان کاظمی اور وائی ڈی اے کے نمائندگان نے شرکت کی۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نےاظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بھی چلڈرن ہسپتال میں ملزمان کی جانب سے ڈاکٹر پر بہیمانہ تشدد کی بہت مذمت کی اور فوری طور پر ملزمان کے خلاف کارروائی کا حکم دیا،چلڈرن ہسپتال میں ڈاکٹر پر تشدد کرنے والے ملزمان کے خلاف ایف آئی آر میں دہشتگردی کی دفعات شامل کر دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں سیکیورٹی کے انتظامات کا ازسرنو جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ہیلتھ کیئر پروٹیکشن بل کی منظوری کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب سے درخواست کی گئی ہے۔