چنیوٹ،27 جون (اے پی پی):عیدالاضحٰی کے موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا کی جانب سے احسن اقدام، ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا نے عیدالاضحٰی قربانی کے سلسلہ میں چنیوٹ شہر کے مختلف علاقوں میں جا کر شہریوں کو انکی دہلیز پر ماحول دوست بیگز مفت تقسیم کیے۔
ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو ان بیگز میں ڈال کر گھر کے باہر رکھیں یا عملہ ایم سی کے حوالے یا مقررہ پوائنٹس پر رکھے گئے کنٹینرز میں ڈالیں تاکہ کہیں بھی تعفن نہ پھیلے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میں عیدالاضحٰی کے تینوں دن ایم سیز و ضلع کونسل کی مشینری و عملہ متحرک رہے گا اور تمام علاقوں سے آلائشوں کو بروقت اٹھا کر انہیں ڈمپنگ سائٹس پر بنائی گئی خندقوں میں تلف کرے گا جبکہ تمام علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر صفائی کے انتظامات بھی جاری رہیں گے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے دنوں میں شہری اپنے گلی، محلے، شہر کو صاف رکھنے کیلئے عملہ صفائی سے تعاون کریں۔
سی او ایم سی محمد وقاص ہرل و دیگر ایم سی افسران بھی ہمراہ تھے۔