ڈپٹی کمشنرشیخوپورہ کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ،زیر علاج مریضوں کو  بہترین سہولیات فراہم کی جانے کی ہدایت

13

شیخوپورہ۔ 22 جون (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ سرمد تیمور نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل  عثمان جلیس اور اسسٹنٹ کمشنر شیخوپورہ لاریب اسلم کے ہمراہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے شعبہ حادثات میں سہولیات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیکل وارڈ ، سرجیکل وارڈ سی سی یو اور آئی سی یو سمیت مختلف وارڈز کا معائنہ  کیا۔انہوں  نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور مفت ادویات سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی سے متعلق دریافت کیا۔ انہوں  نے ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو ہدایت کی کہ زیر علاج مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔وہ ڈائیلاسز  وارڈ میں بھی گئے۔ ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈائیلاسز  وارڈ میں 33 مشینیں ہیں ، جن کے ذریعے ہر ماہ 2500 سے زائد مریضوں کا مفت ڈائیلاسز  کیا جا رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا اور صفائی کے بہترین انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔