ڈیرہ غازی خان؛موجودہ صورتحال میں حساس مقامات کی فول پروف سکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے،ڈی پی او حسن افضل

45

ڈیرہ غازی خان،11جون(اے پی پی): ڈی پی او حسن افضل نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال کےپیش نظرحساس مقامات، مذہبی عبادت گاہوں اور پولیس چیک پوسٹوں پر فول پروف سکیورٹی اقدامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو ایس پی انوسٹی گیشن بختیار احمد، سرکل آفیسران اور ایس ایچ اوز، انچارج برانچز، محرران، تھانوں میں تعینات سینئر اسٹیشن اسسٹنٹ اور پولیس اسٹیشن اسسٹنٹ سے کرائم میٹنگ کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کے احکامات کی روشنی میں قتل، اقدام قتل، بد فعلی، زناء، اغواء برائے تاوان، ڈکیتی و چوری اور ضرر وغیرہ جیسے واقعات کے ایف آئی آر کے بروقت اندراج کو یقینی بنایا جائے اور ڈکیتی و چوری میں ملوث مجرمان ، گینگز اور منشیات فروشوں کی فہرستیں بنا کر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کریں۔

ڈی پی او حسن افضل نے کہا کہ ایس ایچ اوز اپنی نگرانی میں پولیس اسٹیشن ریکارڈ مینجمینٹ سسٹم کی آن لائن تکمیل کو یقینی بنائیں، دوران تکمیل ریکارڈ خصوصاََ انڈکس ایف آئی آر کی تکمیل، روڈ سرٹیفکیٹ ،مال مقدمات ،فرانزکس رپورٹس ، مدعی گواہان اور ملزمان کے مکمل کوائف معہ شناختی کارڈ کے آن لائن ریکارڈ کا اندراج ہرصورت مکمل ہوناچاہیے۔اس کے علاوہ ڈکیتی ،چوری اور رہزنی کے مقدمات میں گرفتار مجرمان کی تفتیش کو جدید طریقہ سے تفتیش کی جائے۔

ڈی پی او نے کہا کہ ایف آئی آر کے اندراج سے لے کر تکمیل چالان تک سپروائزی افسران تفتیش کی نگرانی کو یقینی بنائیں اور سرکل آفیسران اپنی ضمنیات کا اندراج 100 فیصد کریں جبکہ پرانی دشمنی اور 302 کے مقدمات کو میرٹ پر اور بروقت یکسو کریں۔انہوں نے کہا کہ شہداء پولیس کے لواحقین اور پولیس کے غازیوں کے ویلفئیر کے کام ترجیح بنیادوں پر حل کریں۔