ڈیرہ غازی خان،24 جون (اے پی پی ): ضلع مظفرگڑھ کچہری کے باہر ملتان روڈ پر دشمنی پر فائرنگ سے دو افراد کے قتل کے واقعہ کا ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او مظفرگڑھ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
آر پی او نے کہا کہ علاقے میں امن و امان اور لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال قائم رکھنے کے پولیس ہمہ متحرک رہے اور واقعہ میں ملوث مجرمان کسی رعایت کے مستحق نہیں دی جائے گی۔ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے اور مظلوم کو انصاف کی فراہمی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
اس حوالے سے ترجمان پولیس ڈیرہ غازی خان ڈویژن نے اے پی پی کو بتایا کہ آر پی او نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مظفرگڑھ کو فوری موقع پہچنے کی ہدایت دینے کے علاوہ واقعہ کی تفتیش کی مکمل نگرانی کرنے کا بھی کہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقتولین کے لواحقین سے رابطہ رکھنے اور مجرمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔
واضح رہے کہ مقتولین نور محمد اور محمد حسین کا تعلق ضلع خانیوال کبیروالا سے ہے جنہیں ضلع مظفر گڑھ کچہری کے باہر ملتان روڈ پر سابقہ دشمنی کی بنا پر فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔