گلیات،20 جون (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی نے 38 لاکھ کی لاگت سے لوئر گلیات کے علاقہ شیر آباد سے عزیز آباد تک سوئی گیس فراہمی کے منصوبہ کا افتتاح کر دیا ہے، تین کلو میٹر سے زائد پائپ لائن کی تنصیب سے سینکڑوں گھروں کو سوئی گیس کی سہولت میسر ہوگی، ناممکن کام کو ممکن بنانے پر اہلیان علاقہ میں بھی خوشی کی لہر پیدا ہو گئی ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مرتضی جاوید عباسی کا کہنا تھا ایبٹ آباد کے پہاڑی اور دشوار گزار علاقوں کے عوام سے کیا وعدہ نبھا رہے ہیں،منصوبہ میں تاخیر پر لوگ مسلم لیگ ن کے کارکنان کو طعنہ دیتے تھے ۔انہوں نے کہا کہ 2018 میں پاکستان دنیا کی 25 ویں معیشت میں شامل ہو رہا تھا، انصاف کی کرسی پر بیٹھے شخص کی ذاتیات سے ترقی رک گئی،ملک کی 23 کروڑ عوام دیکھے انصاف کی کرسی پر بیٹھنے والے شخص نے ذاتیات کی بنیاد پر اسلام کے دشمنوں ،ختم نبوت کے منکر اور یہودی لابی کے ایجنٹوں کو ہم پر مسلط کیا، اللہ اس کو انجام تک پہنچائے تاکہ ساری قوم دیکھے اور آئندہ کوئی یہودی لابی کے ایجنڈہ کی پروموشن نہ کر سکے۔
مرتضی جاوید عباسی نے کہا کہ کابینہ سے پونے پانچ ارب کی منظوری حاصل کی ہے جس سے 2013 سے 2018 تک کے رکے ہوئے کاموں کو مکمل کریں گے۔ان کا مزید کہنا تھا 2018 میں جب مسلم لیگ ن کی حکومت ختم کی گئی تو اس وقت آٹا کی قیمت 985 روپے 20 کلو کے بیگ کی تھی جب تحریک انصاف کی حکومت ختم ہوئی تو آٹا 23 سو روپے کا بیگ تھا جو آئی ایم ایف کے معاہدہ کی وجہ سے 34 روپے تک گیا ۔اب اتحادی حکومت نے مشکل حالات کے باوجود اس کو کم کرکے 23 سو پر لے کے آئے ہیں جس میں مزید کمی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ جب عمران خان کی حکومت ختم ہوئی تو اس نے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ کرجائے گا پاکستان کو ڈیفالٹ کا کہنے والا غدار وطن ہے۔