گوجرانوالہ،ڈپٹی کمشنردفترسے سیالکوٹ روڈ تک عالمی یوم انسداد ڈینگی کی مناسبت سے آگاہی ریلی

10

گوجرانوالہ  15 جون (اے پی پی):ورلڈ انسداد ڈینگی ڈے کی مناسبت سے ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کا اجلاس۔حالیہ بارشوں اوربدلتے موسم سے ڈینگی مچھرکی افزائش میں ممکنہ اضافے کے پیش نظرمحکمانہ اقدامات کے جائزہ کے لیے ڈپٹی کمشنردفترمیں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کا اجلاس ہوا جس میں محکمہ صحت، ریسکیو 1122،  سول ڈیفنس، محکمہ تعلیم، کالجز، سوشل ویلفیئر، بہبود آبادی، گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی، انہار، لوکل باڈیز سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے۔ ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے اجلاس اورریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی انسداد ڈینگی دن کومنانے کا مقصد نہ صرف آگاہی دینا ہے بلکہ ڈینگی مچھرکی افزائش کے ممکنہ خطرے سے نمٹنے اور بچاؤ کیلئے ٹھوس اقدامات بروئے کار لانا ہے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی مچھر کا تعلق ہمارے رہن سہن سے ہے جتنا ہمارا ارد گرد کا ماحول صاف ستھرا ہوگا اتنے ہی ہم محفوظ ہوں گے۔ محکمہ صحت کے ساتھ ساتھ دیگر محکموں پر بھی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ نہ صرف عوامی آگاہی میں اپنا کردار ادا کریں بلکہ اپنے ذیلی اداروں، دفاتر، سکولوں، کالجوں کی چھتوں، گوداموں وغیرہ کو صاف و خشک رکھیں اور بارش سمیت کسی بھی قسم کا صاف پانی جمع نہ ہونے دیں۔