لاہور، 08جون (اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گورنر ہائوس لاہور میں آل پاکستان بزنس فورم کے وفد نے سید معاذ محمود کی قیادت میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک میں بزنس اور صنعتوں کو فروغ دینے کے حوالے سے اقدامات پربات چیت کی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنرپنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ حکومت وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو معاشی اور اقتصادی طور پر مضبوط اور مستحکم بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری ملک میں روزگار فراہم کرنے کا بہت بڑا زریعہ ہے اور ان حالات میں صنعتیں چلانے والے ملک و قوم کی بڑی خدمت کررہے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ صنعت کاری اور بزنس کے فروغ سے ملک میں معاشی ترقی اور خوشحالی آتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس جدید دور میں زراعت کے شعبے میں جدید مشینری کا استعمال ناگزیر ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ کپاس اور اس سے منسلک مصنوعات سے ملک کو کثیر زرمبادلہ حاصل ہوتا ہے۔ ٹیکسٹائل سیکٹر کو فروغ دینے اور ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے کپاس کی فصل کی کاشت پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کپاس کی فصل کی کاشت بڑھانے اور بیج کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے بھر پور اقدامات اٹھارہی ہے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ بطور گورنر انڈسٹری اور اکیڈیمیہ میں روابط مضبوط کرنے کے لیے کنسورشیم بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے ووکیشنل ایجوکیشن کا فروغ اور ٹیکنکل اداروں کا انڈسٹری کے ساتھ اشتراک بہت ضروری ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)نے گزشتہ ادوار میں ٹیکنکل ایجوکیشن کے فروغ کے لیے پنجاب سکل ڈویلپمنٹ فنڈ جیسے اقدامات شروع کیے اور اس کے ساتھ ساتھ ٹیکنیکل اداروں کی فنڈنگ بھی بڑھائی گئیں۔
اس موقع پر وفد کے سربراہ سید معاذ محمود نے کہا کہ انڈسٹری کو ٹیکنیکل اور سکلڈ ورک فورس کے لیے ٹیکنیکل اداروں کی معاونت کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈپلومیٹک مشنز کو متحرک کر کے ملک کی ایکسپورٹس بڑھائی جا سکتی ہے۔وفد نے گورنر پنجاب کو انڈسٹریز کو درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔گورنر پنجاب نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اپنا کردار ادا کریں گے۔