حویلیاں،25 جون (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور مرتضی جا وید عباسی نے کہا ہے کہ ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کی کابینہ نے منظوری دیدی ہے ،کمپنی کے قیام سے ہزارہ کے عوام کی محرومیاں ختم ہوں گی ،یہ ہزارہ کی ترقی کاسب سے بڑا منصوبہ ہے جو مسلم لیگ ن اور وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے عوام کو دیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں گاؤں بٹولنی،مجائتھ،ترمچھ ،سلوالہ ،سریلہ کے دیہاتوں کے لئے 548.982 ملین کی لاگت سے سوئی گیس فراہمی کے منصوبے کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ وفاقی وزیر مرتضی جاوید عباسی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں مسلم لیگ ن آمدہ عام انتخابات میں دمادم مست قلندر کرے گی ،مسلم لیگ ن کی عوامی مقبولیت سے 10 ارکان اسمبلی نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حلقہ بندیوں کی تبدیلی کے بعد فنڈ کی کمی کاسامنا رہا ہے ،صوبائی اسمبلی میں ایم پی اے اورنگزیب نلوٹھہ نے عوام کے مسائل کے حل کی جدوجہد کی ہے ،انہوں نے مشکل وقت میں پارٹی کو سہارا دیا ہے۔
وفاقی وزیر مرتضی جا وید عباسی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی اتحادی حکومت میں کم وقت میں بے شمار کام مکمل کروا رہے ہیں اور اپنے لوگوں کے سامنے سرخرو ہو رہے ہیں ان سے جو وعدے کئے وہ پورے ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ الیکشن کا سال ہے، 12 اگست کو قومی اسمبلی کی مدت پوری ہو رہی ہے، کم وقت رہ گیا ہے الیکشن کی بھی تیاریاں کرنی ہے۔
وفاقی وزیر مرتضی جا وید عباسی نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت کے نمائندوں نے عوام سے جھوٹ کہا اور آج ہم نے سچ کرکے دکھایا ہے، ان کے ساتھ اللہ کی مدد نہیں تھی ،انہوں نے پورے ملک میں سوئی گیس کے منصوبے روک دیئے تھے،عمر ایوب دکھادے کسی ایک گاؤں میں بھی فنڈ دیا ہو،ان کی وجہ سے ریٹ بڑھنے سے کروڑوں روپے اضافی دینے پڑ رہے ہیں اس کا کون زمہ دار ہے۔انہوں نے منظور شدہ فنڈ کو روک کر عوام سے دشمنی کی ۔
مرتضی جاوید عباسی کا کہناتھا تحریک انصاف کی اصلیت عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے، اس نے شہیدوں اور غازیوں کی بے حرمتی کی ہے،ایساکوئی لیڈر نہیں کرسکتا ہے۔ جو کام دشمن نہیں کر سکا وہ عمران خان اور اس کی ٹیم نے کیاہے لیکن ان کو نہیں پتہ یہ غیرت مند قوم اپنی اور بچوں کی قربانی دیکر ا س ملک پر آنچ نہیں آنے دی گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں کے عزائم ہم خاک میں ملائیں گے۔
انہوں نے بٹولنی کے گاؤں میں دوپلیوں کی تعمیر اور بچیوں کے سکول میں بجلی کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔