یونیورسٹی لاء کالج کوئٹہ میں پہلی مرتبہ پرنسپل کی تعیناتی باقاعدہ اور شفاف میرٹ پر عمل میں آ رہی ہے، گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ

50

کوئٹہ 6 جون(اے پی پی ): گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ کئی سالوں کے بعد یونیورسٹی لاء کالج کوئٹہ میں پہلی مرتبہ پرنسپل کی تعیناتی باقاعدہ اور شفاف میرٹ پر عمل میں آ رہی ہے کیونکہ اداروں میں میرٹ کی پاسداری سے ادارے مزید مضبوط اور مستحکم ہو سکتے ہیں جبکہ ہم لاء کالج کو عملاً ایک مکمل یونیورسٹی کی سطح پر ترقی دینے اور تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس عملی اقدامات کر رہے ہیں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی لاء کالج کے دورہ کے موقع پر منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ گورنر بلوچستان عبدالوالی خان کاکڑ نے شرکاء سے خطاب کے موقع پر  کہا کہ بااحساس اور باشعور افراد محض تنخواہ کی خاطر نہیں بلکہ ایک مقصد کے تحت زندگی گزارنے کو ترجیح دیتے ہیں. انہوں نے لاء اسٹوڈنٹس سے  کہا کہ آپ ملک اور صوبے کے مسقبل کے وکیل ہیں لہٰذا یہاں بہتر تعلیم و تربیت کیلئے تمام ضروری سہولیات کی فراہمی ہماری ذمہ داری ہے  آج کی ترقی یافتہ دنیا میں وکلاء کیلئے نت نئی ٹیکنالوجی اور دستیاب وسائل سے استفادہ کریں. گورنر بلوچستان نے اساتذہ کرام اور لاء اسٹوڈنٹس کے مطالبات کے جواب میں گورنر بلوچستان نے یونیورسٹی لاء کالج میں ٹرانسپورٹ، آڈیٹوریم، موٹ کورٹ روم، ڈیجٹل لائبریری اور ہاسٹل کے قیام کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔