ڈیرہ غازی خان،20 جولائی(اے پی پی): آئندہ سال حج کی سعادت حاصل کرنے کیلئے 4 نوجوان پیدل سفر کر کے ڈیرہ غازی خان پہنچ گئے،ان نوجوانوں کا تعلق پنجاب کے شہر کبیروالا سے ہے،جن میں 20 سالہ محمد اسامہ ناز،36سالہ محمد خضر،36سالہ جاوید اقبال اور 21سالہ منیر احمد شامل ہیں۔
اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ 7 جولائی کو اپنے گھروں کبیر والا سے پیدل روانہ ہوئے اور 13دن کی مسافت کے بعد کل ڈیرہ غازی خان پہنچے اور دن یہاں قیام کے بعد آج جمعرات کو یہاں سے روانہ ہو رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہم چاروں آپس میں رشتہ دار ہیں ، ہمارے ہی خاندان کے دو افراد محمد فیض اللہ اور محمد عمران پیدل یہ سعادت پہلے حاصل کر چکے ہیں اور وہ دونوں ہی ہماری سفر میں رہنمائی کر رہے ہیں اور ہم بذریعہ واٹس ایپ ان سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
ان نوجوانوں نے بتایا کہ ہمارا یہ سفر 10ماہ پر محیط ہوگا ، ہم ڈیرہ غازی خان سے سخی سرور،فورٹ منرو،رکنی ،لورالائی،کوئٹہ، سے آگے تافتان بارڈر کے ذریعے ایران میں داخل ہوں گے اور وہاں سے اومان ،شارجہ،دبئی اور ابو ظہبی سے ہوتے ہوئے بارڈر پار کر کے سعودی عرب میں داخل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ٹارگٹ ہے کہ ہم انشاءاللہ 2024 کے حج انتظامات شروع ہونے سے پہلے سعودی عرب پہنچ جائیں، گرمی کی وجہ سے پیدل سفر کرنے میں بے شمار مشکلات کا سامنا مگر ہمارا مقصد اتنا بڑا ہے کہ ہمیں یہ مشکلات معمولی لگتی ہیں۔