لاہو،22 جولائی (اے پی پی):نگران صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات عامر میر نے کہا ہے کہ انتظامیہ کے بروقت اقدامات سے بارش کے بعد لاہور کے بیشتر علاقوں سے پانی نکال دیا گیا ہے اور چند ایک نشیبی علاقوں میں جمع بارش کا پانی نکالا جا رہا ہے۔ واسا اور دیگر محکموں کا عملہ شہر بھر میں نکاسی آب کا کام احسن انداز میں کر رہا ہے اور ایم ڈی واسا اور دیگر متعلقہ افسران فیلڈ میں نکاسی آب کی سرگرمیوں کا خود جائزہ لینے کے لئے موقع پر موجود ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے بارش کے دوران لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ کر کے بارش کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ نگران صوبائی وزیر ہاسنگ اظفر علی ناصر نے بھی بارش کی صورتحال کا جائزہ لیا اور صوبائی وزیر عامر میر کے ہمراہ تھے۔ صوبائی وزرا نے گارڈن ٹائون، جیل روڈ، ڈیوس روڈ ، لکشمی چوک، لوئر مال، فیروز پور روڈ، قذافی سٹیڈیم، کلمہ چوک اور دیگر علاقوں کا دورہ کر کے شدید بارش میں نکاسی آب کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور انتظامیہ کو بارش کے پانی کو جلد از جلد نکالنے کے لیے موقع پر احکامات جاری کئے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات عامر میر نے کہا کہ اس دفعہ پنجاب میں بارشیں معمول سے بہت زیادہ ہوئی ہیں۔ اس لئے واسا، پی ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ اداروں کو چوبیس گھنٹے الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔یہی وجہ ہے کہ آج بارش کے فوراًبعد لکشمی چوک اور دیگر علاقے بارش کے پانی سے کلیئر کر دیئے گئے ہیں اور آئندہ چند گھنٹوں میں لاہور کے تمام علاقوں سے بارش کا پانی نکال دیا جائے گا۔