ازبکستان ، افغانستان اور پاکستان(یو اے پی) ریلوے منصو بے کے جو ائنٹ پر وٹوکول پر دستخط

12

اسلام آباد،18جولائی  (اے پی پی):ازبکستان ، افغانستان اور پاکستان(یو اے پی) ریلوے منصو بے کے جو ائنٹ پر وٹوکول پر دستخط کردئیے گئے۔ اس ضمن میں منعقد  ہونے والی تقریب میں وفاقی وزیر ریلویز خوا جہ سعد رفیق ، وفاقی وزیر خزا نہ سینٹر اسحاق ڈار اور تینو ں ممالک کے اعلی ٰ حکام نے شرکت کی۔

سیکریٹری/چیئرمین پاکستان ریلویز سید مظہر علی شاہ، افغانستان ریلوے اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل اور سی ای او، الحاج بخت الرحمان شرافت اور جمہوریہ ازبکستان کی وزارت سرمایہ کاری، صنعت اور تجارت اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے سربراہ  دیکھکانوف ڈی  ٹی نے مفاہمت کی  یادداشت پہ دستخط کئے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ  آج پاکستان، افغانستان  اور  ازبکستان ریلویز کے لئے بہت اہم دن ہے، ریجنل  کنیکٹیوٹی کے لئے آج ایک تاریخی  دن ہے جس کی بنیاد آج ہم نے اس منصوبے  سے رکھ دی ہے۔انہوں نے کہا کہ  منصوبے کے تحت ترمیز، مزار شریف،لوگر، خرلاچی روٹ کے ذریعے ازبکستان ریلوے کو پاکستان ریلوے سے جوڑنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ شریک ممالک کے درمیان علاقائی، ٹرانزٹ اور دو طرفہ تجارت میں سہولت فراہم کرے گا، منصو بے سے خطے کے لوگوں کے درمیان بہتر روابط میں بھی اضا فہ ہو گا، ریلوے لائن مسافروں اور مال بردار سروسز دونوں کو سپورٹ کرے گی اور علاقائی تجارت اور اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔