اقوام متحدہ امن مشن میں شہید ہونے والوں کے اعزاز میں تقریب ،شہید میجر فیضان کی اہلیہ ڈاکٹر مریم عامر کی شرکت

8

نیویارک،20جولائی (اے پی پی):نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کورارٹرز میں عالمی امن مشنز کے تحت دنیا کے مختلف حصوں میں فرائض کی ادائیگی کے دوران 2022 میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے امن مشنز کے  7 پاکستانیوں سمیت 77  ارکان کو خراج  عقیدت پیش کیا گیا۔ اس سلسلے میں گزشتہ  روز اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز  میں ٹرسٹی شپ کونسل چیمبر میں منعقدہ تقریب میں رکن ممالک  جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے  77 ارکان کو خراج  عقیدت  پیش کرنے کے لیے اکٹھے  ہوئے جن میں 7 پاکستانی بھی شامل ہیں، جنہوں نے 2022 میں اقوام متحدہ کے امن مشنز میں خدمات انجام دیتے ہوئے اپنی جانیں گنوائیں۔  تقریب میں جاں بحق  اہلکاروں کے لواحقین، سفارتی برادری کے ارکان اور دنیا بھر سے اقوام متحدہ کے عملے نے ذاتی طور پر اور آن لائن   شرکت کی۔ تقریب میں جمہوریہ کانگو میں ہیلی کاپٹر حادثے میں پاکستانی امن مشن کے شہید میجر فیضان علی کی اہلیہ ڈاکٹر مریم عامر نے  بھی  شرکت کی۔

اس موقع پر  شہید پاکستانی امن فوجیوں کے اہل خانہ کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈاکٹر مریم عامرنے  سیکرٹری جنرل اور دیگر معززین سے ملاقات کی۔ انہوں نے شہید ہونے والے امن فوجیوں کو خراج  عقیدت پیش کرنے پر اقوام متحدہ کے سربراہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی امن اور سلامتی کے مقصد میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔انہوں نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندہ منیر  اکرم اور مشن کےدیگر عہدیداروں سے بھی ملاقات کی۔