نیویارک،20جولائی (اے پی پی): 2023 کی سالانہ میموریل سروس ان لوگوں کی اعزاز میں منعقد کی گئی جنہوں نے اقوام متحدہ میں امن و سلامتی کی خدمت میں اپنی جانوں کانذرانہ پیش کیا عملے کے 77 ارکان، بشمول 7 پاکستانی فوجی جوانوں کے جو 2022 میں اقوام متحدہ کے پرچم تلے خدمات انجام دیتے ہوئے اپنی جانیں گنوا بیٹھے۔
نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں ٹرسٹی شپ کونسل چیمبر میں منعقدہ پروقار تقریب میں سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے کہا کہ “ہم یہاں ایک ساتھ سوگ منانے، ایک ساتھ یاد کرنے اور ایک ساتھ احترام کرنے کے لیے آئے ہیں۔”
جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کے لواحقین، سفارتی برادری کے ارکان اور دنیا بھر سے اقوام متحدہ کے عملے نے ذاتی طور پر اور آن لائن دونوں طرح اس تقریب میں شرکت کی۔ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو میں ہیلی کاپٹر حادثے میں جان کی بازی ہارنے والے پاکستانی امن دستے کے شہید میجر فیضان علی کی اہلیہ ڈاکٹر مریم عامر نے پروقار تقریب میں شرکت کی۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم اور نیویارک میں پاکستانی مشن کے ملٹری ایڈوائزر کرنل عمر شفیق چغتائی بھی موجود تھے۔
تقریب کے آغاز میں، سیکرٹری جنرل نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر کسبا کرسی اور جولائی کے لیے سلامتی کونسل کی صدر، برطانیہ کی سفیر باربرا ووڈورڈ کے ساتھ شمع روشن کی۔اقوام متحدہ کے سربراہ نے ان تمام پیارے، عزیز ساتھیوں کے لیے ایک منٹ کی خاموشی کا کہا جنہوں نے دوسروں کو جینے کے قابل بنانے کے لیے اپنی جانیں دیں۔تقریب کے دوران ان77 فوجی، پولیس اور سویلین اہلکاروں کے نام پڑھ کر سنائے گئے جو گزشتہ سال ادارہ کی خدمت کرتے ہوئے جاں بحق ہوئے۔گٹیرس نے اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران جاں بحق ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔