ملتان، 22 جولائی(اے پی پی ): صوبائی وزیر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا ہے کہ امراض قلب سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا انتہائی ضروری ہے،تمام انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں پریونٹو آف کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ بنائے جائیں گے، ڈاکٹر مریضوں کی خدمت کے لیے بہترین طریقے سے اپنا کردار ادا کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے فرینڈز آف کارڈیالوجی کے زیر اہتمام آگاہی سیمیناربرائے روک تھام و احتیاطی تدابیر امراض قلب سے خطاب میں کیا۔سیمینارمیں وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد ،چئیرمین بورڈ انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی خواجہ جلال الدین رومی نے خصوصی شرکت کی۔
سیمینار کے آرگنائزر اسسٹنٹ پروفیسر آف کارڈک سرجری انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ہارٹ ٹرانسپلانٹ سرجن ڈاکٹر محمد یاسر خان خاکوانی تھے،سیمینارمیں ماہرین نے امراض قلب کی روک تھام اور احتیاطی تدابیر پر تفصیلی لیکچرز دئیے۔
نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے امراض قلب اور ذیابیطس (شوگر) کے موضوع پر خصوصی لیکچر دیا ۔انہوں نے کہا کہ فرینڈز آف کارڈیالوجی کا تعاون قابل تحسین ہے۔
وائس چانسلر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نےسیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کہا امراض قلب سے بچنے کے آگاہی دینے کی ضرورت ہے،احتیاطی تدابیر اختیار کر کے امراض قلب پر آنے والے اخراجات سے بچا جا سکتا ہے۔
خواجہ جلال الدین رومی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نشتر ہسپتال اور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی بہتری کے لئے کام کریں گے،عوام کی بھلائی اور صحت کے لیے مل کر کاوشیں جاری رکھیں گے۔
اسسٹنٹ پروفیسر آف کارڈک سرجری انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ہارٹ ٹرانسپلانٹ سرجن ڈاکٹر محمد یاسر خان خاکوانی نے بائی پاس کے نئے طریقہ علاج “کی ہول ہارٹ سرجری” کے متعلق بتایا۔ اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد یاسر خان خاکوانی نے بتایا کہ”کی ہول ہارٹ سرجری” کے اب تک 100 سے زائد کامیاب آپریشن ہو چکے ہیں ،”کی ہول بائی پاس آپریشن” صرف ملتان میں ہو رہے ہیں، 2 سال سے “کی ہول بائی پاس آپریشن” کامیابی سے جاری ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر کاشف علی ہاشمی نے کہا کہ ہم نے اپنے لوگوں کو صحت مند رکھنا ہے۔ اسسٹنٹ پروفیسر آف کارڈک سرجری انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ہارٹ ٹرانسپلانٹ سرجن ڈاکٹر محمد یاسر خان خاکوانی اور ڈاکٹر مجتبٰی نے امراض قلب کی روک تھام کے حوالے سے آگاہی لیکچرز بھی دئیے۔