اوکاڑہ؛مون سون سیزن کے پیش نظرانسداد ڈینگی کیلئے عوام کو تواتر سے آگاہی دی جائے ،ڈپٹی کمشنر

6

اوکاڑہ،15جولائی(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا ہے کہ مون سون میں بارشوں کی صورتحال کے پیش نظرانسداد ڈینگی کی کاوشوں کو کارآمد بنانے  میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے تاکہ ہم لوگوں کو ڈینگی کا شکار ہونے سے بچا سکیں، ہرمحکمہ اپنے اپنے دائرہ اختیار میں انسداد ڈینگی کی جاری مہم میں بڑھ چڑھ کر کاوشیں جاری رکھے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے انسداد ڈینگی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انسداد ڈینگی سے متعلق آگاہی کے لئے محکمہ صحت کی ٹیمیں چوبیس گھنٹے متحرک رہیں۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ اینٹامالوجسٹ حافظ محمدعبد اللہ،سی ڈی سی آفیسر چوہدری اصغرعلی نے ضلع میں ویکٹر سرویلینس کے لئے کام کرنے والی ٹیموں کی سرگرمیوں اور ہاٹ سپاٹس کی نگرانی ہسپتالوں میں انسداد ڈینگی کے لئے جاری اقدامات، ڈینگی کی تشخیص اورعلاج کے لئے ادویات کی دستیابی کے متعلق بریفنگ دی۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ طاہر امین،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹرسیف اللہ وڑائچ،سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر محمد ارشد،ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال سٹی ڈاکٹر شبیر احمد چشتی،ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ساؤتھ سٹی ڈاکٹر نوید حفیظ، ایم ایس ٹی ایچ کیوہسپتال دیپالپور ڈاکٹر عادل رشید سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔