اوکاڑہ،22جولائی(اے پی پی ):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چودھری طاہر امین نے کہا ہے کہ بھٹہ مالکان مزدوروں کے سوشل سیکیورٹی کارڈ ترجیحی بنیادوں پر بنوائیں تاکہ مزدوروں کو سہولیات اور مالی فوائد حاصل ہو سکیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی (بانڈڈ لیبر)کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چودھری طاہر امین نے کہا کہ ضلع میں چائلڈ لیبرکےخاتمہ کے لئے کام کرنے والے سرکاری ادارے اوراین جی اوزحکومتی اقدامات کو عملی جامع پہنائیں، فیلڈ افسران چائلڈلیبرکےخاتمہ کے لئے کی جانے والی کوششوں اور کاروائیوں کی رپورٹ ڈپٹی کمشنر آفس میں جمع کرائیں تاکہ ان کی سفارشات پر ایکشن لیا جا سکے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع میں بانڈڈ لیبر کا کوئی کیس نہیں ہے اور نا ہی ضلع کی تینوں تحصیلوں سے اس سلسلہ میں کوئی شکایت موصول ہوئی ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ چائلڈ لیبر کے خاتمہ کے لئے محکمہ لیبر متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر بھر پور اقدامات کر رہا ہے۔
اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹرمحکمہ لیبر و یلفیئر سید نصیر عباس شاہ،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئراشتیاق احمدخاں،جرنلسٹ/صدر سماجی تنظیم‘ ماڈا’محمد مظہر رشید چودھری،ڈپٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی عمران رشید، پبلک پراسیکیوٹرزاہد الحسن،صدربھٹہ مالکان سلمان اظہر،صدر ہیلپ آرگنائزیشن محمدحنیف اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔