اوکاڑہ،19جولائی(اے پی پی ):وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر محمد آصف جاہ نے کہا ہے کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ، تاجران جو ٹیکس کی ادائیگی کرتے ہیں وہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر محمد آصف جاہ نے اوکاڑہ چیمبر آف کامرس ،تاجروں اوکاڑہ وکلاء برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں کہا کہ ٹیکس دھندہ گان کو بد انتظامی، اچھا سلوک نہ ہو نے کی ایف بی آر سے کوئی بھی شکایت ہو تو فوری میرے دفتر اطلاع کریں، میرے دفتر میں واٹس ایپ آن لائن یا تحریری درخواست سے بھی شکایت جمع کروائی جاسکتی ہے۔
ڈاکٹر محمد آصف جاہ نے کہا کہ گذشتہ ایک سال میں ہمارے دفتر میں بھیجی جانے والی 7 ہزار میں سے 6500 شکایات کا فیصلہ کیا گیا اور ہمارے فیصلوں کے خلاف وفاقی حکومت اور صدر پاکستان کو اپیل کی جاتی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ان اپیلوں میں سے 95 فیصد اپیلوں پر وفاقی ٹیکس محتسب کے فیصلے برقرار رکھے جاتے ہیں ،وفاقی ٹیکس محتسب کے دفتر میں گزشتہ سال آئی ڈی آر کے تحت 1700 کیسز کا فیصلہ کیا گیا۔
تقریب سے صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری چودھری ارشد اقبال نے ایف بی آر افسران کے رویے کے حوالےسے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور وفاقی ٹیکس محتسب کے مسائل حل کرنے کے حوالےسے ان کی کوششوں کو سراہا۔
چودھری خلیل الرحمٰن نے کہا کہ جو تاجر یا ٹیکس دینے والے ٹیکس نیٹ میں موجود ہیں ان کو تنگ نہ کیا جائے بلکہ 25کروڑ آبادی والے ملک میں صرف ایک لاکھ ٹیکس نیٹ میں ہیں، باقی صنعت کاروں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے جو ٹیکس دے رہےہیں ان کو بے جا تنگ نہ کیا جائے۔