اوکاڑہ،14جولائی (اے پی پی): کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہاہے کہ لوگوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے ۔ دریائے ستلج میں سیلابی صورت حال کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف اور ان کی پوری ٹیم نے جس طرح لوگوں کے انخلاء ،ان کے قیام کےلیے اقدامات اورفلڈ ریلیف کیمپ قائم کیے ہیں وہ قابل تحسین ہیں مشکل اور آزمائش کی گھڑی میں ہم اپنے لوگوں کے ہمراہ ہیں ہم ان کو کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج دریائے ستلج کے موضع اٹاری اورملحقہ دیہات اور ڈھاریوں کا دورہ کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے انہیں سیلابی صورت حال سے نمٹنے، فلڈ ریلیف کیمپوں میں سہولیات کی دستیابی اور محکموں کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی ۔ کمشنر ساہیوال نے کہا کہ انتظامی افسران ریسیکو 1122 ، محکمہ صحت ، لائیو سٹاک ، سول ڈیفنس سمیت تمام متعلقہ محکموں نے باہمی ربط ورابط سے شاندارٹیم ورک کا مظاہرہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مردو خواتین کےلیے الگ الگ خیمہ بستیوں کا قیام احسن قدم ہے ۔ دریائے ستلج کے بیٹ اور ملحقہ دیہات سے سیلابی صورت حال کے پیش نظر لوگوں کے انخلاء کو یقینی بنایا جائے ۔ خواتین بچوں اور ضعیف افراد کو سب سے پہلے محفوظ مقامات پر منتقل کرنےکےلیے اقدامات کیے جائیں ۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن نے موضع اٹاری کے مقام پر بہترین اقدامات کرنے پر فوکل پرسن اسسٹنٹ کمشنر رینالہ چوہدری ضیاء اللہ اور سلیمانکی کے مقام پر بہترین انتظامات پر اسسٹنٹ کمشنر دیپال پور مجاہد ظفر کو کمشنر ساہیوال نے شاباش دی ۔ انہو ں نے کہا کہ لوگوں کی سہولت اور آسانی اور ان کے جان و مال کو محفوظ بنانے کےلیے آخری حد تک جائیں گے ۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن نے اپیل کی کہ علاقہ مکین انتظامیہ کی جانب سے ابتدائی وارننگ جاری کرنے کے بعد جاری ہدایات کے مطابق عملدآمد کو یقینی بنائیں۔











