تھرپارکر؛ محرم الحرام میں امن و امان کی فضاء قائم رکھنے کیلئے مطلوبہ انتظامات کو یقینی بنایا جائے ، ڈپٹی کمشنر

21

تھرپارکر،16 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرلعل ڈنو منگی نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں امن و امان کی فضاء قائم رکھنے سمیت ماتمی جلوسوں کی گذرگاہوں،امام بارگاہوں ، مساجد اور قبرستانوں کی صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور عزاداروں کو تحفظ فراہم کرنے سمیت مطلوبہ سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے ۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ڈی سی آفس کانفرنس ہال مٹھی میں محرم الحرام کے سلسلے میں سیکورٹی سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔  ڈپٹی کمشنر نے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء اکرام سے اپیل کی کہ وہ عشرہ محرم الحرام کے دوران آپس میں بھائی چارہ، ایثار، رواداری اور تحمل کا مظاہرہ کریں اور دل آزاری کرنے والی تقاریر کرنے سے گریز کریں جبکہ جلسے و جلوسوں کے دوران شرپسندوں پر کڑی نظر رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو فوری طور پر قابو میں لایا جاسکے۔

ڈپٹی کمشنرلعل ڈنو منگی نے تھرپارکر پولیس کو ہدایت دی کہ محرام الحرام کے دوران ضلع بھر میں امن وامان بحال رکھنے کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں اور مجالس اور جلوسوں کے دئیے گئے اوقات اور قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں جبکہ شرپسند عناصر پر بھی کڑی نظر رکھی جائے۔

 انہوں نے ڈی ایچ او تھرپارکر اور مینجر پی پی ایچ آئی کو ہدایت دی کہ عاشورہ کے دوران تمام ہسپتالوں، صحت کے مراکز اور ماتمی جلوسوں میں ایمبولینسز کے ساتھ ساتھ  تمام ضروری ادویات، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے جبکہ بلدیاتی اداروں کے افسران  سبیلوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت ماتمی جلوسوں کی گذرگاہوں،امام بارگاہوں ، مساجد اور قبرستانوں کی صفائی ستھرائی اور لائٹس کے انتظامات کو یقینی بنائیں۔

ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ محرم کے دوران ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو مانیٹر کرنے کے لیے ضلعی سطح پر کنڑول روم بنایا جائے گا جس میں تمام مکاتب فکر کے نمائندوں کو بھی شامل رکھا جائے گا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون امتیاز منگی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو عبدالحمید مغل، ڈی ایچ او تھرپارکر، ڈسٹرکٹ مینجر پی پی ایچ ائی سمیت تمام تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، مختیارکارز، بلدیاتی اداروں، پولیس ، ٹریفک پولیس ، حیسکو، صحت، پبلک ہیلتھ پاک رینجرز سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے ضلعی افسران اور تمام مکاتب فکرسے تعلق رکھنے والے علماء اکرام اور سماجی تنظیموں کے منتظمین نے شرکت کی۔