جو ہرآباد؛محرم الحرام کے جلوس اور مجالس کی سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے امن  کمیٹی کا اجلاس

15

جو ہرآباد، 10 جولائی (اے پی پی):محرم الحرام کے جلوس اور مجالس کی سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے ڈی پی او شائستہ ندیم کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ جس  میں ممبران امن کمیٹی، ممبران کمیٹی بین المذاہب ہم آہنگی اور لائسنسداران جلوس مجالس نے شرکت کی۔

 ڈی پی او شائستہ ندیم نے شرکاء سے خطاب کیا اور محرم الحرام کے دوران انتظامات کے حوالے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ماہ محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں  کل195 جلوس اور 871مجالس منعقد کیے جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ مجالس اور جلوس کے روٹ، وقت اور ایس او پیز کی پابندی کی جائے،جلوس اور مجالس میں شرکاء کو چیکنگ کے بعد داخل ہونے دیا جائے گا،جلوس کے آغاز سے پہلے سرچ اور سویپنگ عمل میں لائی جائے گی، ضابطہ اخلاق کی پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

ڈی پی او نے شرکاء سے کہا کہ محرم الحرام میں آپ کا کردار انتہائی کلیدی ہے۔ انہوں نے کہا  کہ ماضی کی طرح اس بار بھی امن و امان قائم کرنا اولین ترجیح ہے،محرم الحرام کے دوران خوشاب پولیس کی طرف سےفول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس شہریوں کے تحفط اور امن و امان کے قیام کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔

 شرکاء نے محرم الحرام کے موقع پر اپنے کردار کو بھرپور طریقہ سے ادا کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔