حب، 26جولائی(اے پی پی): ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے احکامات کی روشنی میں لیڈاانڈسٹریل زون میں نکاسی آب کیلئے سول سیکشن نے متحرک ہوکر جنگی بنیادوں پر کام شروع کر دیا ہے۔
لیڈاانڈسٹریل زون میں ہیوی مشنیری کے ذریعے برساتی نالوں کی صفائی اورنکاسی آب شروع کردی گئی ہے۔ایم ڈی لیڈا ایم ڈی لیڈا فرید محمد حسنی کے مطابق لیڈا آفس میں قائم کنٹرول روم کے ذریعے شدید بارشوں کی صورتحال کومانیٹراور مون سون پلان پر عملدرآمد جاری ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ضلع حب میں حالیہ مون سون سیزن کی پہلی غیر متوقع شدید بارشوں سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں اور غیرمتوقع بارشوں کی صورتحال کے پیش نظرلیڈاسول سیکشن اور میونسپل کارپویشن عملہ 24 گھنٹے سروسزڈیلیورکررہاہے۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر حب زاہد خان کاکہنا ہے کہ حب ڈیم کے کیچمنٹ ایریا میں شدیدبارشوں کے پیش نظر صورتحال پر نظر رکھی جارہی ہے حب ڈیم میں ذخیرہ آب کی سطح 338 فٹ پر پہنچ گئی ہے، موسلادھار بارشوں کے مسلسل جاری رہنے اور حب ندی پر متبادل راستہ سیلابی ریلے میں بہہ جانے کے باعث ٹریفک کو متبادل ساکران بند مراد روڈ اور بائی پاس شاہراہ پر منتقل کردیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے زیرنگرانی متعلقہ تمام ادارے کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر الرٹ ہیں۔ پی ڈی ایم اے اور این ڈی ایم اے حکام سے کمشنر قلات ڈویژن داد خلجی مسلسل بارشوں کی صورتحال کے حوالے سے رابطے میں ہیں۔
ضلع بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مون سون بارشوں سے ابتک کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاح نہیں ملی ہے۔ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن حب کے تمام افسران اپنی جائے تعیناتی پر تمام حاضر اور چیف سیکرٹری بلوچستان عبد العزیزعقیلی کے حکم پر سروسز ڈیلیوری میں شریک ہیں۔