لاہور، 13 جولائی(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت صنعت و تجارت کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے، تاجر برادری کا ملک کی سماجی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے گفتگو میں کیا۔ وفد نے جمعرات کو یہاں صدر ڈاکٹر خرم طارق کی قیادت میں گورنر سے ملاقات کی ۔گورنر پنجاب نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں صنعت و تجارت سے نہ صرف معاشی ترقی ہوتی ہے بلکہ کئی خاندانوں کو روزگار بھی ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو ہنر مند افرادی قوت کی فراہمی کے لیے ٹیکنیکل اور ووکیشنل تعلیم کا فروغ بہت اہم ہے۔
گورنر نے کہا کہ طلبا میں میرٹ پر لیپ ٹاپس کی تقسیم سے انٹرپرینورشپ کے مواقع بڑھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں اکیڈیمیہ کے انڈسٹری سے روابط مضبوط بنانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جا رہا ہے۔
گورنر پنجاب نے ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ میں فیصل آباد چیمبر کے پلاٹ پر جدید آئی ٹی سنٹر کے قیام کیلئے چیمبر کو ورکنگ پلان تیار کرنے کی ہدایت بھی دی۔گورنر پنجاب نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ زرعی آلات پر سیل ٹیکس کے حوالے سے مسئلہ نظر ثانی کے لیے وفاقی حکومت تک پہنچائیں گے۔
گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے وفد کو فیصل آباد کی بزنس کمیونٹی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی یقین دہانی بھی کروائی۔انھوں نے کہا کہ فیصل آباد کی بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے صوبائی سطح پر فوری فیصلوں کے علاوہ وفاق سے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے سفارشات متعلقہ اداروں کو بھیجی جائیں گی۔
ڈاکٹر خرم طارق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بزنس کمیونٹی کو سازگار ماحول مہیا کر کے برآمدات میں کئی گنا اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ انھوں نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ بالائی علاقوں کی ڈرائی پورٹس بحران کا شکار ہیں، حکومت کو ایس ایم ای سیکٹر کیلئےخاص طور پر جامع، منظم اور مربوط ترقیاتی پلان تیار کرنا ہوگا۔
وفد میں سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد اور نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی، ایگزیکٹو ممبران محمد عاصم، حاجی عبدالرؤف، میاں محمد طیب، ڈاکٹر اعجاز نثار، محمد اظہر چوہدری، سابق صدر مزمل سلطان، سابق نائب صدر بلال وحید شیخ، سابق ایگزیکٹو ممبر شیخ محمد فاضل، امجد علی امجد، محترمہ نگہت شاہد اور محترمہ ثوبیہ عقیل شامل تھیں۔











