دریائے ستلج میں سیلاب کا پانی کل رات کی نسبت اب تک 1فٹ کم ہوا، کل 15گاﺅں متاثر ہوئے؛ کمشنر لاہور

19

قصور،13جولائی(اے پی پی ): کمشنرمحمدعلی رندھاوانے کہا ہے کہ تلوار پوسٹ پر دریائے ستلج میں سیلاب کا پانی کل رات کی نسبت اب تک 1فٹ کم ہوا ہے۔گنڈاسنگھ والا کے مقام پر بھی 1لاکھ 14ہزار کیوسک سے کم ہوکر 1لاکھ 4ہزار ہوا ہے ،حکومت پنجاب کی ہدایت پر 9 جولائی کو فلڈ ریلیف و ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا،دریائے ستلج میں سیلاب سے کل 15گاﺅں متاثر ہوئے،4 گاﺅں بے چراغ ہیں۔

ان خیالات کا اظہا ر کمشنر لاہورنے دریائے ستلج تلوار پوسٹ پر سیلابی صورتحال کے حوالے سے میڈیا سے اہم بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔کمشنر لاہورنے کہا کہ 11 گاﺅں کی کل آبادی18ہزار میں سے 11ہزار کو بحفاظت منتقل کردیا گیا ہے،11ریلیف کیمپ قائم ہیں،3بڑے ہیں جن کی گنجائش 5ہزار سے 3ہزار تک ہے۔انہوں نے کہا کہ کیمپس میں مقیم افراد کو پکا ہوا کھانا مل رہا ہے،صاف پانی بھی دستیاب ہے۔

کمشنر نے کہا کہ الحمد اللہ سیلابی پانی میں ڈوب کر کسی کی موت واقع نہیں ہوئی،11سو سے زائد عملہ تعینات ہے،باقی آبادی کو بھی منتقل کیا جارہا ہے،ٹریکٹر، ٹرالیز،ڈمپرزاورکشتیاں موجود ہیں،لوگوں اور مویشیوں کو دوسری جگہ منتقل کیا جارہا ہے۔انہوں نے  کہا کہ رینجرز،پولیس، ریسکیو1122،واسا، لائیوسٹاک اورڈاکٹرز سمیت تمام محکمے و ادارے فیلڈ میں موجود ہیں۔

اس موقع پر ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی،آرپی او شیخوپورہ بابر سرفراز الپا،ایڈیشنل کمشنر عبدالاسلام عارف،ڈپٹی کمشنرقصور محمد ارشد بھٹی، ڈی پی اوقصور طارق عزیز سندھو بھی ہمراہ تھے۔