ذیابیطس سینٹر اور پاکستان بیت المال کے مابین ذیابیطس سے نمٹنے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

10

اسلام آباد،22جولائی  (اے پی پی):دی ذیابیطس سینٹر (ٹی ڈی سی) اور پاکستان بیت المال (پی بی ایم) نے ذیابیطس کے مسئلے سے مل کر نمٹنے کے لیے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کئے ہیں۔

 اس شراکت داری طے پانے کے موقع پر ایک رسمی تقریب منعقد کی گئی جس میں پاکستان بیت المال کے مینجنگ ڈائریکٹر عامر فدا پراچہ اور پی بی ایم کے ڈاکٹر جاوید اقبال ، ٹی ڈی سی کے چیئرمین ڈاکٹر اسجد حمید اور سی ای او میثاق عارف نے اور دیگر نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران ٹی ڈی سی نے پاکستان بیت المال ٹیم کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور ذیابیطس سے موثر طریقے سے نمٹنے کے لیے ان کے تعاون کے مختلف پہلوں پر تبادلہ خیال کیا۔

 پاکستان بیت المال کے مینجنگ ڈائریکٹر عامر فدا پراچہ نے ٹی ڈی سی کی خدمات کو بیت المال کے اہداف کے ساتھ ہم آہنگ کرنے پر پختہ یقین کا اظہار کرتے ہوئے مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔ چیئرمین ڈاکٹر اسجد حمید نے ذیابیطس پر قابو پانے کے ضروری فریضے میں قومی اداروں کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ ایم او یو کے ذریعے شراکت داری ٹی ڈی سی کے جامع ذیابیطس کی کی دیکھ بھال کے لیے دیگر کمپنیوں اور اداروں کے ساتھ تعاون کے طویل مدتی ایجنڈے کے لیے اہم ہے۔

 سی ای او میثاق عارف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ایم او یو کس طرح ان کے طویل مدتی ایجنڈے میں بالکل فٹ بیٹھتا ہے، جس کا مقصد ذیابیطس کے حوالے سے مجموعی صحت کے لیے مختلف اداروں کے ساتھ تعاون کرنا ہے۔ تقریب کے دوران بریگیڈیئر ریٹائرڈ ڈاکٹر محمد اجمل خان نے ذیابیطس کے مریضوں کے لیے ٹی ڈی سی میں مریض کی رجسٹریشن اور علاج کے طریقہ کار کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اس کے بعد ایم او یو پر دستخط کیے گئے، جس میں بیت المال کی جانب سے ایم ڈی عامر فدا پراچہ نے دستخط کیے  اور ٹی ڈی سی کی نمائندگی چیئرمین ڈاکٹر اسجد حمید اور سی ای او میثاق عارف نے کی۔ انہوں نے اس موقع پر آنے والے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔