راجن پور؛ بین الضلائی موٹر سائیکل چور گینگ کے 12 ملزمان  گرفتار

67

راجن پور،16 جولائی (اے پی پی ): پولیس  نے بدنام زمانہ 2 بین الضلائی موٹر سائیکل چور گینگ  کے 12 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے اور ملزمان  سے 20 لاکھ 23 ہزار روپے بھی برآمد کر لئے ہیں ۔

  ایس ایچ او تھانہ محمدپور دیوان اختر خان ہجبانی نے پریس کانفرنس میں بتایاکہ گزشتہ چند روز سے سرکل تحصیل جامپور میں موٹر سائیکل چوری،ڈکیتی،چوری، نقب زنی کی وارداتوں کے پیش نظر جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیئے خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی گئی،مختصر دورانیہ میں مربوط حکمت عملی کے تحت پولیس کو اہم کامیابی ملی ہے، بدنام زمانہ موٹر سائیکل چوری کے 2  گینگز  کے 12 ارکان کو انکے سرغنہ سمیت گرفتار کر کے راہزنی، موٹر سائیکل چوری اورنقب زنی کے کل 32 مقدمات میں 7 عدد اوریجنل موٹر سائیکل مالیتی 10 لاکھ 66 ہزار 500 روپےاور نقد رقم 9 لاکھ 57 ہزار روپے کل مالیتی 20 لاکھ 23 ہزار 500روپے کی ریکارڈ ریکوری کر کے اصل مالکان کے حوالے کی گئی۔

 ڈی پی او راجنپور کیپٹن (ر) دوست محمد کا کہنا تھاکہ سرکل تحصیل جامپور میں موٹرسائیکل چوری،ڈکیتی،نقب زنی کی بڑھتی ہوئی وارداتیں پولیس کیلئے ایک بڑا چیلنج تھا جسے ہم نے سنجیدگی سے مربوط حکمت عملی اپنا کر خصوصی ٹاسک کے زریعے مہم کا آغاز کیا،  تھانہ محمدپور پولیس نے ریکارڈ کارروائی کرکے ٹاسک کو پوراکیا۔

 ڈی پی او نے مزید کہاکہ موٹر سائیکل چور اور ڈکیت گینگز کے خلاف ایک منظم اور جامع حکمت عملی کے تحت کامیاب کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔