سعودی عرب کی پاکستان میں تعلیم کے فروغ کیلئے کوششوں کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،  وفاقی وزیر تعلیم  رانا تنویر حسین

3

اسلام آباد۔25جولائی  (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ برادر ملک سعودی عرب کی پاکستان میں تعلیم کے فروغ کیلئے کوششوں کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ایک بہترین درسگاہ ہے جہاں 40 ممالک کے غیر ملکی طلباء اعلیٰ معیاری تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں طلباء کے تدریسی امور سے متعلقہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر فوری حل کرنے کے لئے سعودی فنڈ سے تشکیل کردہ جدید بلاک برائے تدریسی امور کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کی آمد پر صدر جامعہ ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی نے ان کا استقبال کیا اور ان کو بلاک میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور ون اسٹاپ اپروچ کے ساتھ طلباء کو اولین ترجیح پر سہولت فراہم کرنے کے اپنے وژن سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ  اکیڈمک بلاک اور طلبا ء سہولت مرکز میں تربیت یافتہ عملہ جدید ٹیکنالوجی اور جدید ترین آلات کے ذریعے طلبا ءکے مسائل کو فوری بنیادوں پر حل کرے گا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ایک بہترین درسگاہ ہے جہاں 30 ہزار سے زائد طلبا بشمول  40 ممالک کے غیر ملکی طلباء کے اعلیٰ معیاری تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا طلباء کے مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل کا وژن قابل تعریف ہے اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے طلباء کے مسائل حل کرنے کی یہ نئی سہولت مفید اضافہ ہے۔ یونیورسٹی کے لیے سعودی امداد کے بارے میں بات کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ یونیورسٹی کے قیام  سے اب تک سعودی عرب یونیورسٹی کے ساتھ تعاون کر رہا ہے جس کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کے مالی تعاون سے اس بلاک  کا قیام اسی تعاون کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانیوں کا سعودی عرب کی مقدس سرزمین سے  جذباتی لگاؤ ہے۔ وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں۔ وزیر تعلیم نے یونیورسٹی کی ترقی میں  جامعہ کی قیادت کے کردار کو بھی سراہا اور یونیورسٹی کے پرو چانسلر ڈاکٹر پروفیسر ڈاکٹر احمد بن سالم العامری کی گہری دلچسپی کو سراہا۔ وفاقی وزیر نے یونیورسٹی کے صدر کے ساتھ طلباء سہولت مرکز، داخلہ، امتحان، ڈگری، فیس اور اسکالرشپ کے دفاتر کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں طلباء کے  مسائل کو بغیر کسی تاخیر کے ایک ہی چھت تلے حل کرنے کے طریقہ کار کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔