اسلام آباد،14جولائی (اے پی پی):سپریم کورٹ میں لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان اور قومی وزارت صحت کے باہمی اشتراک سے ”لچکدار پاکستان آبادی اور وسائل کا جشن” کے موضوع پر دو روزہ قومی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے۔
جمعہ کو یہاں شروع ہونے والی کانفرنس کے پہلے روز سیکرٹری لاء اینڈ جسٹس کمیشن رفعت بٹ نے خطبہ استقبالیہ دیا جبکہ اس موقع پر سیکرٹری قومی وزارت صحت اور اقوام متحدہ پاپولیشن فنڈ کی کنٹری ڈائریکٹر نے کانفرنس کے اغراض و مقاصد سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ افتتاحی سیشن میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے ”جسٹس فارپاپولیشن” کے موضوع پر خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ سہولیات کی فراہمی کیلئے ہمیں ریاست پر انحصار نہیں کرنا چاہئے بلکہ پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے تحت اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان آبادی کے سرمایہ سے استفادہ کیلئے مہارتوں پر مبنی تعلیم و تربیت کی ضرورت ہے۔
بعد ازاں کانفرنس کا پہلا سیشن سپریم کورٹ کے جسٹس اعجاز الاحسن کی صدارت جبکہ شہناز وزیر علی صدر شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف سائنس و ٹیکنالوجی کی مشترکہ صدارت میں انعقاد پذیر ہوا جس میں وفاقی، صوبائی حکومتوں اور سول سوسائٹی کے اراکین نے مشترکہ مفادات کونسل اور نیشنل ایکشن پلان کی سفارشات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ مقررین میں ڈاکٹر نائلہ الطاف، ایڈیشنل سیکرٹری پنجاب،ریحان اقبال سیکرٹری سندھ، کے پی کے کے بہبود آبادی کے سیکرٹری اصغر علی اور بلوچستان سے سیکرٹری عبداللہ اے خان، گلگت بلتستان سے فدا حسین، آزاد کشمیر سے عطاء اللہ عطا، ڈاکٹر ثمینہ عمران درانی، ڈاکٹر سید عزیز الرب سمیت دیگر مقررین نے اظہار خیال کیا۔
کانفرنس کا دوسرا سیشن جسٹس یحییٰ آفریدی اور یو این ایف پی اے کی کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر لوئی شابنچ کی مشترکہ صدارت میں ہوا جس میں آبادی میں اضافہ کا عالمی تناظر میں جائزہ لیا گیا۔ دوسرے سیشن کے دوران تہران یونیورسٹی کے پروفیسر محمد جلال عباسی نے آن لائن جبکہ ایف 2030 کے ای ڈی ڈاکٹر سیمیو کلیسو، یورپ اور شمالی امریکہ کی ایف پی 2030ء کی منیجنگ ڈائریکٹر مونیکا کریگن، یو این ایف پی اے کے ٹیکنیکل ایڈوائزر ڈاکٹر توصیف احمد اور پیٹرنز ان پاپولیشن کے انچارج اولیو زرمیوکو نے بھی آن لائن خطاب کیا۔
بعد ازاں کانفرنس کے شرکاء کے اعزاز میں سادہ اور پروقار عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔ واضح رہے کہ کانفرنس کے دوسرے روز ہفتہ کو تین سیشنز منعقد ہوں گے۔ اختتامی سیشن میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال خطاب کرینگے۔