سکھر،06جولائی(اے پی پی): پریس کلب اور سکھر یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے ضلع کونسل کے نومنتخب قیادت چیئرمین ضلع کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ، میئر سکھر بیریسٹر ارسلان اسلام شیخ سمیت چاروں ٹاونز کے منتخب چیئرمین اور وائس چیئرمین کے اعزاز میں پروقار ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔
صحافی برادری کی جانب سے تقریب میں خصوصی شرکت کی ،میزبانی کے فرائض پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سیکریٹری فنانس لالا اسد پٹھان نے کی ،مہمانان گرامی نے تقریب میں سکھر شہر کے مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلع کونسل کے چیئرمین سید کمیل حیدر شاہ کا کہنا تھا کہ عوام کے تعاون سے ضلع سکھر کو ماڈل ضلع بنائیں گے، سیوریج اور ڈرینیج سمیت دیگر مسائل کا جلد حل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایک سال بعد اس شہر کا نقشہ تبدیل ہوا دکھائی دے گا، اس علاوہ جلد سکھر اور روہڑی کے درمیان دریائے سندھ پر چیئرلفٹ کا آغاز بھی کیا جائے گا ۔اس سلسلے میں میونسپل کارپوریشن کے میئر اور دیگر ٹاو نز کے چیئرمین اور وائس چیئرمین سے کہا ہے کہ وہ اپنا پلان بنا کر لائیں تو ضلع کونسل سے بھی شیئر ملاکر منصوبے کامیاب بنائے جائیں گے۔
اس موقع پر میئر سکھر بیرسٹر ارسلان شیخ کا کہنا تھا کہ سکھر شہر کی ترقی کے لیے کوشاں ہیں، کئی منصوبے بنائے گئے ہیں، جلد ان کے نتائج سامنے آنا شروع ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام تعاون کریں، سندھ حکومت سے زیادہ سے زیادہ فنڈ لے کر سکھر شہر کو ماڈل شہر بنایا جائے گا،سکھر تاریخی شہر ہے اس لیے صحافی، وکلا، تاجر، سول سوسائٹی اور شہریوں سے مل کر شہر کے مقدر کو تبدیل کر دیں گے۔
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کے سیکرٹری فنانس لالا اسد پٹھان کا کہنا تھا کہ ضلع اور سٹی حکومت جہاں جہاں اچھا کام کریں گی ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جہاں خامیاں ہوں گی وہاں پر اپنے قلم اور کیمرہ کے ذریعے نشاندہی کریں گے سب کا مقصد شہر کی ترقی اور عوام کی خوشحالی ہے امید کرتے ہیں، منتخب نوجوان قیادت اپنے بڑوں کی خدمات کو مزید بہتر انداز میں آگے بڑھائیں گے۔