صوبائی کنٹرول روم سیلابی صورتحال کی موثر نگرانی جاری رکھے ، ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید

8

لاہور۔18 جولائی ( اے پی پی ): سنئیر ممبر بورڈ آف ریونیو / ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے سیلابی صورتحال اور مون سون کے نئے سپیل بارے اداروں کی جانب سے کیے جانے والے انتظامات اور مانیٹرنگ کا جائزہ لینے کے لیے پی ڈی ایم اے کے صوبائی کنٹرول روم کا دورہ کیا ، ایس ایم بی آر نے مانیٹرنگ سکرینز اور ہیلپ لائن کے عمل کا جائزہ بھی لیا۔اس موقع پر ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی کنٹرول روم سیلابی صورتحال کی موثر نگرانی جاری رکھے ، دریاؤں ، ڈیمز اور براجز میں پانی کے بہاو پر 24 گھنٹے خصوصی نظر رکھی جائے جبکہ ارلی وارننگ سسٹم کے زریعے اداروں اور شہریوں تک آگاہی بروقت پہنچائی جائے۔ بعد ازاں سنیئر ممبر بورڈ/ ریلیف کمشنر پنجاب کی زیرصدارت پی ڈی ایم اے کمیٹی روم میں امدادی سرگرمیوں بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے نازیہ جبین، ڈائریکٹر آپریشن نثار احمد ثانی، ڈائریکٹر ساوتھ حمید اللہ ملک سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب عمران قریشی نے ریسکیو و ریلیف آپریشن بارے ایس ایم بی آر کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دریائے ستلج ،راوی اور چناب سے منسلک زیر آب آنے والے علاقوں میں ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ 10 سے 16 جولائی کے دوران 82 ہزار 2 سو سے زائد افراد کا سیلابی علاقوں سے انخلاء کروایا جا چکا ہے اور 17ہزار 5 سو 90 افراد کو سیلابی علاقوں سے ریسکیو کیا گیا ہے جبکہ سیلاب زدہ علاقوں میں 103 افراد کو فرسٹ ایڈ فراہم کی گئی ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے 17سو سے زائد جانوروں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل جا چکا ہے اور اب پنجاب کے تمام دریاؤں میں پانی کا بہاو معمول کے مطابق ہے۔انہوں نے ایس ایم بی آر کو بتایا کہ ضلع جھنگ اور دریائے ستلج سے منسلک تمام اضلاع میں ریلیف کیمپس قائم ہیں جہاں پر سیلاب متاثرین کو تین وقت کا کھانا ،پینے کا صاف پانی، ادویات اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ مختلف علاقوں سے سیلاب متاثرین کو ان کے گھروں میں منتقل کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ایس ایم بی آر نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ضلع میں مشینری سمیت وسائل کی کمی نہیں ہونی چاہیے اور ریلیف کی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کہا کہ دریائی بیلٹ کی میپنگ کروائی جائے اور ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے لئے لائحہ عمل بنایا جائے اور لوگوں کو ہر سال نقصانات سے بچانے کے لئے لانگ ٹرم پلان تشکیل دیے جائیں، لوگوں کی دوبارہ دریا کے اندر آباد کاری کو روکنے کے موثر اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈی جی خان ڈویژن کے ہل ٹورنٹس کا دورہ کرکے انتظامات کا خود جائزہ لوں گا۔