ڈیرہ غازی خان،13جولائی (اے پی پی):کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا ہے کہ عاشورہ محرم الحرام کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی فضا برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے،فرقہ واریت کو ہوا دینے والے مقررین کی ضلع بندی اور زبان بندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔
جمعرات کو جاری اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ڈویژن بھر میں سوشل میڈیا کو بھی مانیٹرنگ کی جائے گی تاکہ انتشار پھیلانے والے عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ نفرت انگیز مواد کی نشر واشاعت اور تقسیم کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ جغرافیائی لحاظ سے ڈی جی خان چیلنجنگ ضلع ہے،خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے ساتھ منسلک راستوں کی کڑی نگرانی کرنی ہوگی ہوٹلز،سرائے اور دیگر عوامی مقامات پر خصوصی نظر رکھی جائے۔انہوں نے کہا کہ علماء،امن کمیٹی اور شہریوں کا تعاون حاصل کیا جائے۔