ڈیرہ غازی خان ،22 جولائی (اے پی پی):سابق وزیر اعلی پنجاب اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سردار دوست محمد خان کھوسہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو اپنی ریڈ لائن کہنے والے آج منظر سے غائب ہو چکے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کھوسہ ہاؤس ڈیرہ غازی خان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سردار دوست محمد کھوسہ نے کہا کہ جب عمران خان برسر اقتدار آئے تو ہم نے ان پر تنقید نہیں کی اور ڈیلور کرنے کا موقع دیا مگر پھر وقت نے ثابت کر دیا کہ عمران خان ڈیلور نہیں کر پائے اور آج وہ لوگ کہاں گئے جو کہتے تھے کہ عمران خان ہماری ریڈ لائن ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگ اپنے ورکرز کو چھوڑ کر چھپ گئے ہیں اور یہاں ان کو سپورٹ کرنے والے بیچارے خوار ہو رہے ہیں۔
سردار دوست محمد کھوسہ نے کہا کہ بلوچستان کے بارڈرز سے پنجاب میں ایرانی پٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ جاری ہے اور یہاں کی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے،میں انتظامیہ سے درخواست کرتا ہوں وہ اس غیرقانونی سمگلنگ کو روکیں۔انہوں نے کہا کہ کچھ افراد کی خواہش پر مجھ پر اراضی کی خریدوفروخت کے حوالے سے جھوٹا مقدمہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ میں نے 247 کنال اراضی خریدی تھی جس میں تمام قانونی تقاضے پورے کئے گئے تھے اور اس کا ریکارڈ ضلعی انتظامیہ کے پاس موجود ہے مگر کچھ افراد کی خواہش پر میرے خلاف بلا جواز مقدمات قائم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور میں ان کا ڈٹ کر مقابلہ کروں گا۔