غازی یونیورسٹی ڈی جی خان  میں دو نئے ڈگری پروگرامز کا آغاز

15

ڈیرہ غازی خان، 21 جولائی(اے پی پی):غازی یونیورسٹی میں جدید دور کے تقاضوں کے مطابق دو نئے ڈگری پروگرامز کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ان پروگرامز میں ایم ایس ماحولیات اور بی ایس ارضیات شامل ہیں۔

وائس چانسلر غازی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے جمعہ کو اپنے   بیان میں کہا ہے کہ یونیورسٹی میں مختلف تدریسی شعبہ جات نئے ڈگری پروگرامز آفر کر رہے ہیں تاکہ اس خطے کے لوگوں کو اپنے گھر کی دہلیز پر جدید تعلیم کی سہولت میسر ہو۔اس حوالے سے صدرشعبہ علوم اراضی و ماحولیات ڈاکٹر صفدر بشیر نے کہا کہ ان کے شعبہ سے دو نئے ڈگری پروگرامز، ایم ایس ماحولیات اور بی ایس ارضیات کا آغاز کر دیا گیا ہے اس وقت شعبہ کے پاس کوالیفائیڈ سٹاف اور جدید لیبارٹریز موجود ہیں۔ ماحولیات کی ڈگری میں تھیوری اور پریکٹیکل ساتھ ساتھ چلیں گے اور باقاعدہ ریسرچ کروائی جائے گی اور مقالہ جات بھی جمع ہوں گے۔

ڈاکٹر صفدر بشیر نے کہا کہ اس وقت پورے پنجاب میں صرف سرگودھا یونیورسٹی اور پنجاب یونیورسٹی اس شعبہ میں بی ایس پروگرام کی ڈگری آفر کر رہی ہے اور جنوبی پنجاب کی یہ واحد یونیورسٹی ہے جو بی ایس ارضیات ڈگری پروگرام شروع کررہی ہے۔انہوں نے کہا ہماری یونیورسٹی اس شعبہ میں مستقبل میں ایم ایس اور پی ایچ ڈی بھی کروانے جارہی ہے، ہمارے پاس اس وقت اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ موجود ہیں، ہمارے پاس کوہ سلیمان کی صورت میں ایک اوپن ایئر میوزیم ہے جہاں با آسانی فیلڈ ورک بھی کروایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ  اس شعبے سے فارغ التحصیل طلباء کی پیٹرولیم انڈسٹری، مائیننگ، گورنمنٹ سیکٹر، نیسپاک، پی سی ایس آئی آر، اٹامک انرجی، نیسکام، نیشنل ہائی وے اتھارٹی، سیمنٹ انڈسٹری، ایگریکلچر اور دیگر شعبوں میں اپنے کیریئر کا آغاز کر سکتے ہیں۔