ڈیرہ غازی خان: ڈویژنل انٹیلی جنس کمیٹی کا اجلاس، محرم الحرام  حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا

11

ڈیرہ غازی خان ،21 جولائی (اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان اور کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود کی زیر صدارت ڈویژنل انٹیلی جنس کمیٹی کا اجلاس کا منعقد ہوا جس میں ڈیرہ غازیخان ، مظفر گڑھ، لیہ،  راجن پور کے ڈسٹرکٹ پولیس افسران ،ڈپٹی کمشنرز، سکیورٹی ایجنسیز کے ڈویژنل سربراہان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

 اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس افسران نے اپنے اضلاع میں محرم الحرام کے حوالے سے کیے گئے سکیورٹی  اقدامات، تھریٹ الرٹس، پیش آمدہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات، حساس مقامات، مذہبی عبادت گاہوں، غیرملکی شہریوں کی سکیورٹی اور لااینڈ آرڈرکی موجودہ صورتحال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ۔

 ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کہا کہ  ضلعی سربراہان محرم الحرام کے جاری کردہ سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کو ہرصورت یقینی بنائیں اورغیر ملکی شہریوں ، اقلیتی عبادت گاہوں، مساجد، امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے روٹس پر سکیورٹی اقدامات کا آن گراؤنڈ خود معائنہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن وامان کی فضاء کو قائم رکھنےکے لیے دیگرقانون نافد کرنے والے اداروں کے ساتھ بروقت معلومات کا تبادلہ ، مکمل کوآرڈی نیشن رکھی جائےاور سکیورٹی اداروں کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس پر فوری کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ  محرم الحرام کے تمام پروگرامز میں وقت اور روٹس کی مکمل پابندی کی جائے اور پہلے سےطے شدہ معاہدوں پرعمل درآمدکرایا جائے۔

آر پی او نے کہا کہ  امام بارگاہوں ،مجالس اورجلوسوں کے گرد نواح اور دیگرحساس علاقہ جات میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہمراہ سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز کیے جائیں۔

اس موقع پر کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران لا اینڈ آرڈر کی صورتحال  قائم رکھنے کے لیے ریجن بھر میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت درج مقدمات و انسدادی کارروائیاں مزید تیز کی جا ئیں اور قانون شکنی کے مرتکب افراد کو بلاتفریق قانون کے شکنجے میں لایا جائے۔