فیصل آباد، 18جولائی (اے پی پی):کلیم شہید پارک نڑوالا روڑفیصل آبادمیں 6کنال اراضی پر7 ہزار پودوں پر محیط میاواکی جنگل قائم کردیا گیاجہاں منگل کو کمشنرفیصل آباد سلوت سعید اور ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے اپنے حصے کے پودے لگاکر میاواکی فاریسٹ کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر کمشنر فیصل آباد سلوت سعید نے کہا کہ مون سون کی شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے جبکہ ضلع میں اس سیزن کے دوران پی ایچ اے کے زیر اہتمام میاواکی سمیت دیگر دستیاب مقامات اور شاہرات کے کنارے 80 ہزار پودے لگانے کا ہدف مقررکیاگیا ہے نیز محکمہ جنگلات بھی اس مہم کے دوران بڑی تعداد میں نئے پودے لگائے گا۔
کمشنر نے کہا کہ رواں سیزن میں کم ازکم 6 فٹ کے سایہ دار درخت لگائے جارہے ہیں جن کی بقا کی شرح بھی 90 فیصد سے زائد ہے۔انہوں نے کہا کہ نا صرف نئے پودے لگائے جارہے ہیں بلکہ پہلی بار ان کا مکمل ومسلسل نگرانی کا طریقہ کار بھی وضع کیا گیا ہے تاکہ ان پودوں کی افزائش نسل یقینی ہواور یہ جلد تناور درختوں کی صورت اختیار کرسکیں۔
کمشنر سلوت سعید نے کہا کہ شجرکاری کیساتھ ساتھ شہری خوبصورتی کے دیگر اقدامات سے ماحول میں نمایاں تبدیلی آرہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کینال روڈ پر عرصہ دراز سے بند چشموں کو فعال کو کردیا گیا ہے اسی طرح جلد شہریوں کیلئے کینال پارک سمندری روڑ کو اپ گریڈ کرکے کھولا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو دلکش اور صاف ستھرے ماحول کی فراہمی ترجیح ہے جبکہ شہریوں کو بھی چاہیے کہ وہ ہر بشر ایک شجر پروگرام کے تحت شجرکاری مہم میں حصہ ڈالیں۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو چاہیے کہ اپنے اور خاندانوں کے نام سے پودے لگاکرنہ صرف ماحول تروتازہ کریں بلکہ ان کی دیکھ بھال کا بھی بیٹرہ اٹھائیں۔انہوں نے کہا کہ ہم مشترکہ کاوشوں سے شہر کو سرسبزبنائیں گے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے ضمیر حسین نے کہا کہ ضلع بھر میں شجرکاری مہم پر تحریک کی صورت میں عملدرآمد کیا جارہا ہے جبکہ مون سون سیزن میں لگائے گئے پودے تیزی سے پروان چڑھتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پارکس، گرین بیلٹس، شاہرات کے کناروں، اہم چوکوں اور شہر کے دیگر مقامات پر بھی پودے لگانے کا سلسلہ شروع کیا جارہا ہے۔
اس دوران ڈائریکٹرز پی ایچ اے چوہدری خالد،ظہیر احمد، حسان احمداور سول سوسائٹی کے مختلف مکاتب فکر کے افراد بھی موجودتھے۔