فیصل آباد، 15 جولائی(اے پی پی):نگران حکومت پنجاب کی ہدایات پر آگاہی سیمینار میونسپل کارپوریشن ہال میں منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ سیمینارمیں سپورٹس کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں میں سرٹیفیکیٹ بھی تقسیم کئے گئے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی انسداد ڈینگی کے لئے ہنگامی اقدامات کررہی اس ضمن میں اینٹی ڈینگی ٹیموں کی کاوشیں بھی لائق تحسین ہیں جنہوں نے رواں سال 10 ہزار کے قریب لاروا کو تلف کیا جس کی بدولت ڈینگی کی صورتحال قابو میں ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تعاون کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتاجن کے تعاون کی بدولت مطلوبہ نتائج حاصل ہوریے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے کہا کہ ڈینگی کا دن منانے کا مقصد انسدادی اقدامات کو مزید چوکس اورذمہ داریوں کو تجدید کرنا ہے۔انہوں نے ضلعی افسران سے کہا کہ وہ دفاتر میں صفائی ستھرائی کا خیال رکھیں چھتوں کو مسلسل چیک کریں اور فالتو سامان تلف کردیں۔شہری بھی اینٹی ڈینگی ٹیموں سے تعاون جاری رکھیں تاکہ مشترکہ کاوشوں سے مون سون سیزن میں بھی ڈینگی کو شکست دی جاسکے۔
سیمینار کے اختتام پر آگاہی واک بھی منعقد ہوئی جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر اور سی پی او عثمان اکرم گوندل نے کی۔واک کے شرکاء نے ڈینگی سے بچائو کی احتیاطی وانسدادی تدابیر پر مشتمل بینرز وپلے کارڈزاٹھا رکھے تھے۔
سیمینار میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز کاشف رضا اعوان،سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر اسفندیار،سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی کاشف ضیاء،انچارج ضلعی ایمرجنسی اپریشنل سنٹر محمد صادق،محمد اختر بٹ،ہیلتھ وایجوکیشن اتھارٹیز کے افسران،اینٹی ڈینگی سٹاف اور سول سوسائٹی کے نمائندگان بھی موجود تھے۔