قصور؛نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا تلوار پوسٹ سے ملحقہ علاقوں کا دورہ

27

قصور،14جولائی(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی  نے گنڈا سنگھ والا کے مقام پر تلوار پوسٹ سے ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا اور  دریائے ستلج میں پانی کے بہاؤ کا جائزہ لیا۔

 نگران وزیراعلیٰ، کشتی میں بیٹھ کر زیر آب گاؤں بھکی پہنچے، گاؤں کے مکینوں سے ملاقات کی اور مسائل پوچھے۔انہوں  نے   زیر آب دیہات میں نقصانات کا تخمینہ لگانے  کی ہدایت کی   اور  متاثرہ دیہات میں امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کا حکم دیا۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ دریا میں پانی کی صورتحال کی مانیٹرنگ جاری رکھی جائے اورمتاثرین کی ضروریات کا مکمل خیال رکھا جائے۔انہوں  نے ریلیف میڈیکل کیمپس کی تعداد میں اضافہ،کیمپس میں موجود لوگوں کیلئے کھانے پینے کا مناسب انتظام ہونا چاہیئے اورمیڈیکل کیمپس میں ضروری ادویات اور ویکسین کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی  نے کہا کہ پانی کی آمد و اخراج سے تمام متعلقہ اداروں کو لمحہ بہ لمحہ باخبر رکھا جائے،متاثرہ دیہات میں لوگوں تک کھانے پینے کی اشیاء اور مویشیوں کیلئے چارہ پہنچایا جائے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی وزراء، انتظامیہ اور متعلقہ ادارے ریسکیو اور ریلیف کی سرگرمیوں کیلئے متحرک ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ دریائے ستلج میں پانی کی سطح تیزی سے کم ہونے لگی،  دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا اخراج 70,700 کیوسک ہوگیا۔

اس موقع پرصوبائی وزیر اظفر علی ناصر، چیف سیکرٹری، سیکرٹر ی آبپاشی، کمشنر لاہور ڈویژن، ریسکیو 1122، پی ڈی ایم اے و متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔