لاہور،نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی اوروفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈارنے حضرت داتا گنج بخشؒ دربار کے توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

24

لاہور،28جولائی ( اے پی پی ) : نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اوروفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈارنے آج حضرت داتا گنج بخشؒ کے دربار کے توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔محسن نقوی اوراسحاق ڈار نے“ نذرانہ آن لائن” ایپ اور غلام گردش کے توسیعی منصوبے کا بھی آغازکیا۔

nazranaonline.punjab.gov.pk کے ذریعے داتا گنج بخشؒ کے عقیدت مند دنیا میں کسی بھی جگہ سے نذرانہ پیش کرسکیں گے۔

محسن نقوی نے کہا کہ“ نذرانہ آن لائن” کے ذریعے بیرون ملک بیٹھ کر لنگر بھی تقسیم کرایا جاسکے گا۔وزیراعلیٰ کوبریفنگ میں بتایا گیا کہ“ نذرانہ آن لائن” کے ذریعے صفائی،سکیورٹی اورخادمین کو بھی نذرانہ دیا جاسکے گا۔ 24گھنٹے مزار کے اندرونی حصے کی زیارت بھی کی جاسکے گی۔“ نذرانہ آن لائن” کے ذریعے لنگر تقسیم کروانے اورچادر چڑھانے والے لائیو بھی دیکھ سکیں گے۔

توسیعی منصوبے کے تحت نیالنگر خانہ اورکمرشل کچن بھی بنایا جائے گا،ایڈمن بلاک،ایگزیکٹو وی آئی پی لانچ،ڈائننگ ہال اورگارڈن بھی بنائے جائیں گے۔داتا گنج بخش کمپلیکس میں لائبریری اورمیوزیم بھی بنائے جائیں گے۔گولڈن گیٹ کے سامنے17کنال اراضی حاصل کر کے کمپلیکس کو توسیع دی جائے گی۔

نگران وزیراعلی محسن نقوی اور وفاقی وزیر اسحاق ڈارنے بعدازاں میڈیا سے گفتگوکی،وفاقی وزیر اسحاق ڈار نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کوداتا دربارکے توسیعی پراجیکٹ کے آغاز پر مبارکبادپیش کی اوراسے تیسری بڑی توسیع قراردیا۔محسن نقوی نے کہاکہ “ نذرانہ آن لائن” ایپ کے آغاز سے اندرون اوربیرون ملک مقیم زائرین کو سہولت آج سے باقاعدہ شروع ہوجائے گی۔

وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے کہا کہ وزیراعلیٰ محسن نقوی کوداتا دربار کی توسیع کا منصوبہ شروع کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔مسجداورغلام گردش کی توسیع کی جارہی ہے،یہ تیسری بڑی توسیع ہوگی۔۱۹۹۹میں محمد نوازشریف کے دور میں توسیع ہوئی تھی۔اس توسیعی منصوبے کا ثواب ہمیشہ ملتا رہے گا۔

 صوبائی وزیر اوقاف اظفر علی ناصر،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،سیکرٹری اوقاف،سیکرٹری اطلاعات،کمشنر لاہورڈویژن،سی سی پی او لاہور،چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ،ڈی جی پی آر،ڈپٹی کمشنر اورمتعلقہ حکا م بھی اس موقع پرموجود تھے۔