لاہور، 14 جولائی(اے پی پی): 37 ویں مڈ کیرئیر مینجمنٹ کور کے زیر تربیت افسران نے سنٹرل پولیس آفس کا مطالعاتی دورہ کیا ہے۔وفد کو پنجاب پولیس کی ورکنگ ، فیلڈ فارمیشنز اور جدید سروس ڈلیوری پراجیکٹس بارے آگاہ کیا گیا ۔
ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر نے زیر تربیت افسران کو پیشہ ورانہ امور، انسداد جرائم اور شہریوں کو خدمات کی فراہمی کے اقدامات بارے بریفنگ دی ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے زیر تربیت افسران سے خطاب کیا اور انکے سوالات کے جوابات بھی دئیے ۔
آئی جی پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس کا مورال بلند کرنے کیلئے میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق پروموشنز کا سلسلہ تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں ہیلتھ سکریننگ و ویکسینیشن مکمل کر لی گئی، ملازمین کے اہلخانہ کو ہیلتھ ویلفیئر کی جارہی ہے ۔
آئی جی پنجاب نے وفد کو بتایا کہ سماجی مشکلات کے شکار معاشرے کے کمزور طبقات کی مدد و راہنمائی کیلئے صوبہ بھر میں تحفظ سنٹرز فعال کئے گئے ہیں۔ اشتہاری مجرمان و عدالتی مفروران کی گرفتاریوں کیلئے صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن تیزی سے جاری ہے۔ انسداد جرائم کے ساتھ ساتھ کمیونٹی پولیسنگ کے تحت شہریوں کی خدمت و حفاظت کیلئے ترجیحی اقدامات جاری ہیں۔
وفد میں شامل افسران کو شہداء و غازی وال اور سنٹرل پولیس آفس کے مختلف ڈیپارٹمنٹس کا دورہ بھی کروایا گیا۔ دورے کے اختتام پر آئی جی پنجاب اور وفد سربراہ کے مابین یادگاری سووینئیرز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ انرجی اینڈ پاور ڈیپارٹمنٹ، پرووینشل مینجمنٹ سروسز کے پی اور دیگر اداروں سے تعلق رکھنے والے سینئر افسران بھی وفد کا حصہ تھے ۔ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سے آئے 16 رکنی وفد میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، نیب، اوور سیز پاکستانیز کمیشن کے افسران شامل تھے۔
اس موقع پر ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون ڈاکٹر انعام وحید، سینئر پولیس افسران موجود تھے۔











