لاہور ؛نگران وزیر جنگلی حیات، ماحولیات و منصوبہ بندی بلال افضل کا سفاری زو کا اچانک دورہ

44

لاہور ،13 جولائی( اے پی پی )  نگران وزیر جنگلی حیات، ماحولیات و منصوبہ بندی بلال افضل نے لاہور سفاری زو کا اچانک دورہ کیا ہے۔صوبائی وزیر نے اپنی گاڑی پر سفاری زو کے مختلف حصوں کا چکر لگایا بالخصوص شیروں اور تیندووں کے احاطوں اور پنجروں کا معائنہ کیا جنکہ بلال افضل پرندوں اور دیگرجانوروں کے احاطوں میں بھی گئے۔

 اس موقع پر انہوں نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ جانوروں اور پرندوں کی آبادی بڑھانے پر توجہ دی جائے کیونکہ اس وقت سفاری زو میں گنجائش سے بہت کم جانور موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرندوں اور جانوروں کے لیے پانی باقاعدگی سے صاف رکھا جائے اور وقت پر تبدیل کیا جائے۔ انہوں نے انتظامیہ کو تاکید کی کہ شدید موسم سے جانور زیادہ  متاثر ہوتے ہیں لہذا گرمی اور حبس کے اس موسم میں ان کی صحت کا خاص خیال رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پنجروں کے اندر صفائی یقینی بنائی جائے اور شائقین کے تحفظ کے لیے فول پروف انتظامات کیے جائیں۔

بلال افضل نے مزید کہا کہ سفاری زو میں فوڈ پوائنٹس کی تعداد بڑھائی جائے اور شائقین کو معیاری خوراک کنٹرول ریٹ پر فراہم کی جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لوگوں کے لیے سفاری زو کو بہترین سیر گاہ بنانے کے لیے تمام ۔ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔

بعد ازاں انچارج آفیسر ڈپٹی ڈائریکٹر ملک غلام رسول نے سفاری زو کے مختلف حصوں پر بریفنگ دی اور درپیش مسائل بھی بتائے۔