اوکاڑہ،06 جولائی(اے پی پی):مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب کنور محمد دلشاد نے کہا ہے کہ صوبہ میں پائیدار ترقی کے لیے بنیاد فراہم کرنے اور لوگوں کے مسائل مقامی سطح پر حل کرنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، صوبے میں نگران وزیر اعلیٰ سیدمحسن نقوی نے گڈ گورننس کی جو روایت ڈالی ہے، آنے والی حکومت کوبھی عوامی مفاد میں اس روایت کو آگے بڑھانا پڑے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع اوکاڑہ کادورہ کرتے ہوئے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب کنور دلشار نے کہا کہ صوبے کی ترقی عوامی خوشحالی اور لوگوں کے مسائل کے حل کے لیے ہمیں بطور ٹیم کام کرناہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو آگے بڑھایا جا رہاہے اور ہر شعبہ کی ترقی کے لیے میرٹ ، شفافیت اور کفایت شعاری کو مدنظر رکھا گیا ہے۔
مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب کنور محمد دلشاد نے ضلع میں عوام دوست پالیسیوں پر عمل درآمد اور سماجی بہبود کے کاموں کو آگے بڑھانے پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف کو عوام دوست ڈپٹی کمشنر کا خطاب دیتے ذہوئے شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ سسٹم کے فعال اور متحرک ہونے سے شہری مسائل حل ہوں گے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں عوامی فلاح و بہبود اور علاقائی ترقی کے لیے تعمیراتی منصوبوں کو مکمل کیا جارہا ہے، ہسپتالوں کو اَپ گریڈ کرنے اور سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں، ضلع میں ٹیچرز ٹریننگ پروگرام کو کامیابی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے ۔ سپیشل ایجوکیشن اور صنعت زار کے اداروں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، ضلع میں شہداء کے بچوں کی فری ایجوکیشن اور گریڈ 14 تک کے سرکاری ملازمین کے بچوں کے لئے ڈی پی ایس سکولز میں 50 فیصد فیس کم کر دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے سرکاری عمارتوں کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کے لیے منصوبہ بنایا گیا ہے ضلع میں اسپیشل بچوں اور ٹرانس جینڈر کے مسائل کے حل کے لیےخصوصی کمیٹیوں کے ساتھ ساتھ ان کو بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام میں بھی رجسٹرڈ کروایا جا رہا ہے، اسپیشل ایجوکیشن کے تعلیمی اداروں اور ریسکیو 1122 کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ان کو جدید آلات اور سامان فراہم کیا جا رہا ہے ۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر منصور امان نے ضلع میں امن و امان کی صورت حال سے متعلق بریفنگ دی صوبائی مشیر نے ضلع میں اوپن ڈور پالیسی کو سراہتے ہوئے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے شروع کیے گئے منصوبوں پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔
بعد ازاں مشیر وزیر اعلیٰ کنور محمد دلشاد نے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) منصور امان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ جیل لیاقت علی نے انہیں جیل میں قیدیوں کو فراہم کی جانےو الی سہولیات ،جیل کی سیکیورٹی ،قیدیوں کو ہنر سکھانے کے لئے کئے گئے اقدامات اور جیل ریفارمز سے متعلق بریفنگ دی ۔ صوبائی مشیر نے جیل کے خواتین وارڈ،جوئینائل وارڈ اور مختلف وارڈز کا بھی معائنہ کیا۔
اجلاس میں اے ڈی سی (آر) ملک احمد فراز اعوان، اے ڈی سی فنانس طاہر امین، ڈسٹرکٹ اٹارنی چوہدری محمد رمضان، لاء آفیسر چوہدری عمران رشید ، اعجاز احمد وٹو، عابدہ نذیر، فرحت جبیں ، سی او بلدیہ عمرنسیم سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔