محرم الحرام میں بھی گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھرپورکریک ڈاؤن جاری رکھا جائے،کمشنرملتان

11

ملتان۔ 08 جولائی (اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں بھی گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھرپورکریک ڈاؤن جاری رکھا جائے۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مزید کارکردگی بہتر بناکر عوام کو ریلیف دیں، محرم الحرام بارے تمام اقدامات مکمل کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کی کارکردگی بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر ملتان ڈویژن  عامر خٹک نے مزید کہا کہ تمام اضلاع بھی گراں فروشوں کے خلاف گھیرا تنگ کرکے بھر پور کارروائیاں کریں۔ سرکاری نرخوں پر عمل درآمد کرانے کےلئے موثر حکمت عملی اپناتے ہوئے عوامی ریلیف کےلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر باقاعدگی سے عدالت لگائیں اور فوری ریلیف بارے اقدامات کریں۔محرم الحرام کے انتظامات بارے بات کرتے ہوئے کمشنر ملتان نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران کسی کو بھی تفرقہ بازی کی اجازت نہ ہوگی ، جلوسوں کامقررہ وقت پرآغاز اور اختتام ہر صورت یقینی بنائیں۔سب مل کر سکیورٹی کی صورت حال کو بہتر بنائیں۔کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کےلئے مکمل انتظامات کئے جائیں اور ڈویڑن بھر کے تمام ہسپتالوں میں بیڈزمختص کئے جائیں۔ محرم الحرام کے انتظامات کو حتمی شکل دی جائے۔کلوز سرکٹ کیمرے ، کنٹرول روم فعال کرکے،1122، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی،واسا اور دیگر محکمے اپنے ملازمین کی ڈیوٹیاں لگائیں۔