ڈیرہ غازی خان ، 14 جولائی (اے پی پی):ڈی پی او حسن افضل نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنےکیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور منتظمین کی طرف سے نامزد کردہ رضا کاروں کو ٹریننگ دے دی گئی ہے۔
جمعہ کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے اس مقصد کے لیے پولیس اہلکاروں کے ساتھ رضا کاروں کی بھی خدمات حاصل کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ منتظمین کی طرف سے نامزد کردا ضلع بھر کے رضا کاروں کو پولیس جوانوں کی زیر نگرانی ٹریننگ دے دی گئی ہے،جو ڈسٹرکٹ پولیس کے ہمراہ بطور معاون امام بارگاہوں پر اپنے فرائض سر انجام دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں تمام مکاتب فکر و ممبران امن کمیٹی پر بھی یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بھی انتظامیہ سے بھر پور تعاون کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کریں۔











