اسلام آباد،10جولائی (اے پی پی):گندھارا سیاحت پر وزیر اعظم کی ٹاسک فورس کے چیئرمین اور وزیر مملکت ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے کہا ہے کہ گندھارا سے پاکستان میں بدھ مت کی شروعات ہوئی، گوتم بدھ اور اشوکا کی تاریخ یہاں موجود ہے اور مذہبی سیاحت کا فروغ، پاکستان میں سیاحتی سرگرمیوں کو بڑھانے کا ذریعہ ہے۔
بدھ مت کے وفد کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئےڈاکٹررمیش کمار نے کہا کہ پاکستان میں گندھارا تہذیب اور بدھ مت ورثہ کے احیا کے موضوع پہ عالمی گندھارا کانفرنس (کل)منگل سے اسلام آباد میں منعقد ہوگی اور اعزاز کی بات ہے اب مختلف ممالک سے 31 وزیٹرز پاکستان آئے ہیں جن میں ویتنام، تھائی لینڈ، نیپال، ملائیشیا اور دیگر ممالک سے بدھ مت کے ماننے والے بھی شامل ہیں۔ میری خواہش تھی کہ فیتھ ٹورازم سے پاکستان آگے جائے اور پاکستان ایسی نگری بنے جہاں سیاح آئیں اور انجوائے کریں۔ گوتم بدھ اور اشوکا کی تاریخ یہاں پر ہے اور بدھ مت کے ماننے والے مانکس یہاں پر آکر بے حد خوش ہوئیں۔ آج سارے مونکس مجھے آشیرباد دے رہے ہیں اور ایسے لوگوں کا یہاں آنا اور دعائیں دینا بہت بڑی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینے کی کوشش کر رہا ہوں اور اسی سلسلے میں ملائیشیا اور ویتنام ڈیلیگیشن کو کہا ہے کہ آپ یہاں فلائٹس لے کر آئیں۔
ثقافتی سفارتکاری پاکستان میں گندھارا تہذیب اور بدھ مت ورثہ کے احیاء “ کے موضوع پر عالمی گندھارا کانفرنس 11 اور 12 جولائی کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی ۔ گندھارا کانفرنس کے انعقاد کا مقصد ثقافتی سفارتکاری اور مذہبی سیاحت کو فروغ دینا ہے،عالمی کانفرنس پاکستان کو بدھ مت اکثریتی ممالک کے مزید قریب لانے کی ایک کڑی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کے بین المذاہب ہم آہنگی کے وژن کے تحت عالمی گندھارا کانفرنس کا انعقاد ہو رہا ہے جس میں صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، ڈاکٹر رمیش کمار اور سینیٹر طلحہ محمود شرکت کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف سیمینار کے پہلے روز مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ سیمینار سے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کلیدی خطاب کریں گے۔ پرائم منسٹر ٹاسک فورس گندھارا ٹورازم کے چیئرمین اور وزیر مملکت ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی خطبہ استقبالیہ دیں گے ۔جنوبی کوریا، ملائیشیا، چین، تھائی لینڈ، میانمار، ویت نام سے اہم شخصیات سمپوزیم میں شرکت کریں گی ۔
ثقافتی سفارتکاری میں یہ سیاحتی ایونٹ ایک سنگ میل ثابت ہوگا ۔ وزیراعظم ٹاسک فورس برائے گندھارا سیاحت، وزارت مذہبی امور، داخلہ، پی ٹی ڈی سی، قومی ورثہ اور محکمہ آثار قدیمہ مذکورہ سمپوزیم میں باہمی تعاون کر رہے ہیں۔ سمپوزیم کی نگرانی وزیر اعظم ٹاسک فورس برائے گندھارا تہذیب کے چیئرمین ڈاکٹر رمیش کمار کر رہے ہیں ۔بدھا اکثریتی ممالک کے مذہبی پیشوا سمیت عالمی مبصرین مدعو ہیں۔ سری لنکا، میانمار، نیپال، تھائی لینڈ ، ویت نام سے بدھ مت کے مذہبی پیشوا بھی شریک ہوں گے، بدھ بھکشوؤں کی پہلی فلائٹ اسلام آباد پہنچ چکی ہے۔
، میزبان ڈاکٹر رمیش کمار نے بدھ بھکشوؤں کا اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر خیرمقدم کیا اور سر سید میموریل میوزیم کا دورہ کروایا جس میں میڈیا کے نمائندوں سے بھی بدھ بھکشوؤں نے بات چیت کی اور پاکستان میں گندھارا کی مقدس جگہوں کو سراہا اور ان کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ڈاکٹر رمیش کمار نے بدھ بھکشوؤں اور مبصرین کو اسلام آباد میوزیم میں گندھارا آرٹ اور آثار قدیمہ کے دورہ کے بعد پاکستان میں مذہبی سیاحت کے موضوع پر کتابیں بھی تحفے میں دیں۔
سیمینار کے دوسرے روز 12 جولائی کو ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی اختتامی تقریب خطاب کریں گے جبکہ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سینیٹر طلحہ محمود مہمان خصوصی ہوں گے۔ 12 جولائی کو پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں ثقافتی تقریب بھی منعقد ہوگی۔پی این سی اے میں گندھارا میڈیا ایوارڈز کی رنگارنگ تقریب بھی عالمی گندھارا کانفرنس کا حصہ ہے ۔گندھارا پر بہترین رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں کو ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔ بین الاقوامی شخصیات کو ٹیکسلا، پشاور میوزیم، تخت بائی مردان کے تاریخی مقامات کا دورہ بھی کرایا جائے گا۔ غیر ملکی مہمان عشائیہ کے موقع پر صدر مملکت سے ملاقات بھی کریں گے۔











