مری؛ جامع مسجد معصومیہ میں 49ویں سالانہ جشن نزول قرآن پاک کا دو روزہ اجتماع اختتام پذیر

22

مری، 17 جولائی (اے پی پی):ملکہء کوہسار مری کے پر فضا مقام کشمیر پوائنٹ کی جامع مسجد معصومیہ میں 49ویں سالانہ جشن نزول قرآن پاک کا دو روزہ روح پرور اجتماع اختتام پذیر ہو گیا ہے اس اجتماع میں ملک بھر سے شمع توحیدو رسالتؐ کے پروانو ں نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی جبکہ اجتماع میں حرمت قرآن سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام،سید عبدالقادرجیلانی رحمة اللہ علیہ اورقیوم پنجم حضرت خواجہ محمد معصوم رحمۃ اللہ علیہ کے عنوان سے خصوصی نشستیں ہوئیں،ان نشستوں میں ملک بھر کی درگاہوں سے سجادہ نشینوں، علماء کرام، مشائخ و خلفاء عظام اور دربار عالیہ موہری شریف نے خصوصی شرکت کی۔

دو روزہ اجتماع کے اختتام پر کشمیر پوائنٹ سے جی پی او چوک تک حضرت خواجہ محبوب الہی سجادہ نشین دربار عالیہ وادی عزیز شریف چنیوٹ کی قیادت میں جشن قرآن کے نام سے ایک عظیم الشان وروح پرور جلوس نکالا گیا اس موقع پر پوراعلاقہ ذکر الہٰی اور درود وسلام کی صداؤں سے گونج اٹھا جلوس جی پی او چوک میں اختتام پذیر ہوا۔ اختتامی نشست سے حضرت خواجہ محبوب الہی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آخرت میں ہماری نجات کاذریعہ قرآنی تعلیمات اور أسوۀ حسنہﷺ سے ہی ممکن ہے اور امت کو اس پر عمل پیرا ہو کرہی عملی ثبوت دینا ہو گا۔

آخر میں اتحاد امت عالم اسلام ملک کی سلامتی واستحکام اورامن و خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔