مری؛ محرم الحرام کی تعطیلات پر سیاحوں کا رش، تفریحی مقامات کی رونقوں میں اضافہ

21

مری،30جولائی(اے پی پی): ملکہء کوہسار مری میں محرم الحرام کی تعطیلات پرملک بھر سے سیاحوں کے غیر معمولی رش سے تفریحی مقامات کی رونقوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، سیاحوں کا سب سے زیادہ رش مری شہر کے اندرون علاقوں جی پی او چوک مال روڈ نگہت زار مرحبا چوک کینٹ ایریا چیئر لفٹ پنڈی پوائنٹ اورکشمیر پوائںنٹ دیکھنے میں آیا ہے اور رش نے میلے کا ایک منظر پیش کر رکھا ہے۔  یہاں سیاح فیملیزجن میں زیادہ تر نوجوان خواتین اوربچے شامل ہیں مری کے ٹھنڈے و خوشگوار موسم سے خوب لطف اندوز ہو رہے ہیں، مری میں بے پناہ رش کے باعث ہر قسم کی کاروباری سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے، رہائشی ہوٹلوں گیسٹ وریسٹ ہاؤسز کے علاوہ ریسٹورینٹس فاسٹ فوڈ  کیفیز اور دیگر چھوٹے بڑے کاروبار عروج پر ہیں۔

 ادھر بھوربن ایوبیہ گلیات روڈ اور نیو مری میں بھی سیاحوں کا بہت زیادہ رش ہے، مری میں سیاحوں کی آمدسے گاڑیوں کا رش بھی بڑھ گیا ہے، اندرون شہر جھیکاگلی مال روڈ کشمیر پوائنٹ کی جانب گاڑیوں کی لمبی لمبی لائینیں لگی ہوئی ہیں جس سے یہاں  زیادہ تر ٹریفک بلاک رہتی ہے جبکہ دیگر مین شاہراہوں لوئر ٹوپہ روڈ سنی بنک کلڈنہ بھوربن گلیات ایوبیہ ٹریک نتھیاگلی ڈونگاگلی مکش پوری چوٹی میری جانی ٹریک سیاحوں کی آمد اور نیومری میں بھی گاڑیوں کا بے پناہ رش ہے تاہم ٹریفک پولیس کے بہتر انتظامات کی وجہ سے زیادہ تر ٹریفک رواں دواں رہتی ہے۔ اندرون شہر وداخلی راستوں اور چوراہوں پر اضافی نفری کے ساتھ ٹریفک پولیس تعینات ہے ۔